291

بھارت ، سکول بس کھائی میں جاگری ٗ 27بچے ہلاک

نئی دہلی /شملہ۔بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں سکول بس گہری کھائی میں گرنے سے 27بچوں سمیت 30افراد ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے ، وزیراعظم نریندر مودی نے واقعے پر افسو س کااظہا رکرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہا رہمدردی کیا ہے جبکہ ریاستی وزیراعلی جائے رام ٹھاکر نے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں کیلئے فی کس 5لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔

پیر کو بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست ہماچل پردیش میں نجی سکول وزیر رام سنگھ پٹھانیا میموریل پبلک کی بس نورپور کے علاقے ملکوال کے قریب 200فٹ گہر ی کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں30افراد ہلاک اور25زخمی ہوگئے ، ہلاک افراد میں 27 بچے ،2سکول ٹیچر اور بس ڈرائیور شامل ہے۔ریاستی ٹرانسپورٹ وزیر گووند سنگھ ٹھاکر نے تصدیق کی ہے کہ مرنے والوں میں 27بچے شامل ہیں۔

جبکہ واقعے میں 67سالہ بس ڈرائیورمدن لال اور 2خواتین ٹیچر بھی ہلاک ہوگئیں۔مرنے والے بچوں کی عمریں 10سال سے کم تھیں جو زیادہ تر پانچویں جماعت کے تھے ۔حکا م کاکہنا ہے کہ42سیٹوں پر مشتمل بس طلباء کو انکے گھروں تک پہنچانے کیلئے جارہی تھی کہ پہاڑی علاقے میں سڑک سے نیچے کھائی میں گرگئی ۔پولیس کے مطابق واقعہ ہماچل پردیش کے ڈسٹرکٹ کنگرا کے علاقے نور پورمیں پیش آیا۔

زخمی بچوں کومقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ ریسکیوحکام کے ساتھ مقامی افراد بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے واقعے پر افسو س کااظہا رکرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہا رہمدردی کیا ہے ۔اپنے ٹویٹر پر بیان میں نریندر مودی نے کہاکہ بس حادثے میں جانی نقصان پر بہت افسوس ہوا ہے میری دعائیں اور ہمدردی مرنے والوں اور انکے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

دوسری جانب ریاستی وزیراعلی جائے رام ٹھاکر نے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں کیلئے فی کس 5لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے ۔اس سے قبل ایس ڈی ایم نورپور عابد حسین کا کہنا تھاکہ مقامی لوگوں اور پولیس نے 20لاشوں کو جائے حادثہ سے نکالا۔ہماچل پردیش کی حکومت نے ڈاکٹروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے ۔ ا ب تک کی تحقیقات کے مطابق حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔