238

پشاورمیں رم جھم سے موسم خوشگوار ٗ سڑکیں زیر آب 

پشاور۔پشاورسمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہونے لگا تاہم نالیوں کی بندش سے ایک بار پھر بارش کا پانی سڑکوں پر بہنے لگا جس کی وجہ سے درجنوں مکانات متاثر ہوئے جبکہ بڈھنی نالے میں طغیانی آگئی اورپانی گھروں میں داخل ہوگیاپشاورکی سڑکیں بھی زیرآب آگئیں اورگاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں پشاور اورخیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بار ش کا سلسلہ آئندہ دو روز تک جاری رہنے کاامکان ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ24گھنٹوں کے دورا ن ہزارہ ،ملاکنڈ ،پشاور،مردان اورکوہاٹ ڈویژن میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کیساتھ بارش ہو ئی اورآئندہ48 گھنٹوں کے دوران سوات ، شانگلہ ،چترال، بونیر ، ملاکنڈ ، بالائی و زیریں دیر،ایبٹ آباد ، مانسہرہ ، بٹگرام ، کوہستان ، ہری پور ، تورغر ،مردان ، صوابی ،پشاور، چارسدہ ، نوشہرہ، کوہاٹ ،کرک اورہنگوکے اضلاع اور قبا ئلی علاقہ جات باجوڑ،خیبر،اورکزئی ،مہمند اورکرم ایجنسی میں کہیں کہیں پر جبکہ بنوں ، لکی مروت ، ڈیرہ اسماعیل خان اورٹانک کے اضلاع اورقبا ئلی علاقہ جات شمالی اور جنوبی وزیرستان ایجنسی میں چند ایک مقامات پر گرج چمک اور تیز ہواؤں کیساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش دیر میں 50 ملی میٹر ، مالم جبہ 32 ، کالام اور بالا کوٹ میں 24,24 ،کاکول میں 23 اور پشاور میں 8 ملی میٹر بارش ریکارڈکی گئی ہے ۔دوسری جانب انتظامیہ کی جانب سے نکاس آب کی منصوبہ بندی نہ ہو نے سے با رش عذاب بن گیا ہے اور شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے ۔ جگہ جگہ پر کیچڑ اورپانی کھڑا ہے جس سے سڑکوں پر چلنا بھی مشکل ہو گیا ہے ۔

ضلعی انتظامیہ کی غفلت کے باعث سڑکیں اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کررہی ہے ۔ بارش کی وجہ سے پشاور اور مضافاتی علاقوں چولی بالا ‘ چولی پایاں ‘ ورسک روڈ ‘ پجگی روڈ ‘ پلوسئی ‘ بڈھ بیر ‘ متنی ‘ ہزار خوانی اور چمکنی سمیت دیگر علاقوں میں کچے مکانا ت کو نقصان پہنچا ، شہر کے مختلف علاقوں صدر، یونیورسٹی روڈ ، بورڈ بازار ، جی ٹی روڈ ، رامداس، کریم پورہ ، بابو ٹاؤن ، فردوس ، ہشتنگری ، فردوس ، قصہ خوانی ، خیبربازار ، رامپورہ ، کوہاٹ روڈ اور دیگر علاقوں میں نالیوں کی بندش سے شہر یوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا شہریوں کا کہنا تھاکہ نالیوں کی صفائی نہیں کی جاتی جس کی وجہ سے پانی ہفتوں تک گلیوں اور سڑکوں پر کھڑا رہتا ہے لیکن ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے جا رہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ شہر کا سب سے بڑا نالہ شاہی کٹھہ عدم صفائی کی وجہ سے بند پڑا ہوا ہے اس نالے کی بندش سے گندا پانی سڑکوں پر بہہ رہا ہے،صفائی عملہ مہینوں تک شہر کی صفائی نہیں کرتی جس کی وجہ معمولی بارش پر نالے ابل آتے ہیں اور انہیں گھروں سے نکلنا مشکل ہو جا تا ہے شہر یوں نے وزیر اعلیٰ اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا سے مطالبہ کیا کہ علاقے میں صفائی نہ کرنے پر صفائی عملہ کو برطرف کرکے نالیوں کی صفائی کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھائے ۔