230

نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے بجلی کی فراہمی شروع 

لاہور۔قومی اہمیت کے حامل نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ نے نیشنل گرڈ کو آزمائشی بنیاد پر بجلی کی فراہمی شروع کر دی ہے ۔منصوبے کاپہلا یونٹ قومی نظام کو 60 میگاواٹ بجلی فراہم کر رہا ہے ۔ پہلا یونٹ اگلے دو روز میں اپنی پوری صلاحیت کے مطابق 242میگاواٹ بجلی پیدا کرے گا۔نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح 13 اپریل کو ہوگا ۔ منصوبے کے 4 پیداواری یونٹ ہیں ۔

ہر یونٹ کی پیداواری صلاحیت تقریباً242میگاواٹ ہے جبکہ منصوبے کی مجموعی پیداواری صلاحیت 969میگاواٹ ہے ، پہلے یونٹ سے بجلی کی پیداوار شروع ہو چکی ہے جبکہ باقی تین یونٹس بھی ایک ایک مہینے کے وقفے سے بجلی کی پیداوار شروع کردیں گے ۔نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ انجینئرنگ کا شاہکار ہے ۔اِس منصوبے کا 90فی صد حصہ بلند و بالا پہاڑوں کے نیچیزیرِ زمین تعمیر کیا گیا ہے ۔

نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے تین بڑے حصے ہیں جن میں ڈیم ،52کلو میٹر طویل سرنگوں پر مشتمل واٹر وے سسٹم اور زیرِ زمین پاور ہاؤس شامل ہیں ۔ یہ منصوبہ قومی نظام کو ہر سال تقریباً پانچ ارب یونٹ سستی پن بجلی مہیا کرے گا ۔ منصوبے سے ہر سال تقریبا 55 ارب روپے کی آمدنی ہوگی ۔