93

غیر قانونی اثاثوں کا الزام ٗ ارباب عالمگیر اور اہلیہ کو نوٹس جاری

اسلام آباد۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے پیپلز پارٹی کے سابق ارکان اسمبلی ارباب عالمگیر اور اہلیہ عاصمہ عالمگیر پر غیر قانونی اثاثہ جات بنانے کے الزام پر فریقین کو نوٹس جاری کر دیا۔ پیر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ پر مشتمل جسٹس عامر فاروق اور محسن اختر کیانی نے پیپلز پارٹی کے سابق ارکان اسمبلی ارباب عالمگیر اور اہلیہ عاصمہ عالمگیر کی درخواستوں پر سماعت کی جس میں درخواست گزاروں کی جانب سے بیرسٹر مسرور شاہ عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ پیپلز پارٹی کے سابق ارکان اسمبلی ارباب عالمگیر اور اہلیہ عاصمہ عالمگیر کے خلاف نیب نے ابھی تک انکوئری شروع نہیں کیا۔

نیب انکوئری شروع نہ کرے۔بیرسٹر مسرور شاہ نے کہا اس وقت تک کسی کا نام ای سی ایل میں ڈالنا خلاف قانون ہے، نااہل نواز شریف کے خلاف نیب کی انکوائری جاری ہے مگر وزارت داخلہ نے ابھی تک ای سی ایل میں نام نہیں ڈالا۔ انہوں نے کہا وزارت داخلہ کا دہرا معیار ہے جہاں نیب کی سفارش پر نواز شریف کا نام ای سی ایل میں نہیں ڈال رہا۔ واضح رہے ارباب عالمگیر اور اہلیہ عاصمہ عالمگیر پر پاکستان، دبئی اور برطانیہ میں غیر قانونی اثاثہ جات بنانے کا الزام ہے، عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کر تے ہوئے کیس کی سماعت دو ہفتوں تک کے لئے ملتوی کر دی ۔