78

نواز شریف اور شاہد خان عباسی میں نگران حکومت پر مشاورت

اسلام آباد۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد اورسابق وزیراعظم نواز شریف نے کہاہے کہ نگراں حکومت کے بارے میں صرف اتنا بتاسکتا ہوں کہ وزیراعظم سے ملاقات میں اس حوالے سے بات چیت ہوئی ہے۔

عدالت کی براہ راست کارروائی کی درخواست کے بارے میں وکلا سے مشاورت کروں گا ،ملک میں لوڈ شیڈنگ کا جواز نہیں ہے تاہم بجلی کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہوا ہے، پچھلے 4 سال ترقی کی رفتار تیز رہی ہے۔ پیر کو احتساب عدالت میں پیشی سے قبل صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ عدالت کی براہ راست کارروائی کی درخواست کے بارے میں وکلا سے مشاورت کروں گا جب کہ نگراں حکومت کے بارے میں صرف اتنا بتاسکتا ہوں کہ وزیراعظم سے ملاقات میں اس حوالے سے بات چیت ہوئی ہے۔

نواز شریف نے کہاکہ ملک میں لوڈ شیڈنگ کا جواز نہیں ہے تاہم بجلی کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہوا ہے، پچھلے 4 سال ترقی کی رفتار تیز رہی ہے، ملک میں سیمنٹ کے پلانٹ کی استعداد بڑھائی جارہی ہے جب کہ اسٹیل انڈسٹری بھی ترقی کررہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاناما فیصلے کی وجہ سے ترقی کرتا پاکستان تنزلی کی طرف جا رہا ہے، روپے کی قیمت نیچے گرگئی ہے اورغیر یقینی صورتحال کی وجہ سے ایسا ہوا ہے۔