116

پشاور‘ طویل لوڈشیڈنگ سے گھریلو اُموراورکاروبار شدید متاثر

پشاور۔ملک کے بعض دیگر شہروں کی طرح صوبائی دارالحکومت پشاورمیں بھی بجلی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی مشکلات بڑھا دی ہیں جبکہ کاروباری امور ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں ۔اتوار کے روز بھی شہر سمیت نواحی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا ۔تفصیلات کے مطابق ملک کے دیگر شہروں کی طرح پشاورمیں بھی بجلی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو پریشان کئے ہوا ہے اور اتوار کے روز بھی لوڈشیڈنگ شہر بھر میں جاری رہی۔

شہری علاقوں سمیت صدر میں صبح سے ہی بجلی لوڈشیڈنگ شروع ہو گئی اور وقفے وقفے سے لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شام تک جاری رہا جس سے جہاں گھریلو امور متاثر ہوئے وہیں تجارتی سرگرمیاں بھی ٹھپ ہو کر رہ گئیں ۔دکانداروں نے جنریٹر اور یو پی ایس لگا کر کام چلایا تاہم یو پی ایس کی بیٹری دو سے تین گھنٹے بعد جواب دے گئی جس پر اکثر دکانداراندھیرے میں بیٹھے رہے ۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت نے 2018ء میں بجلی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا اعلان کیا تھا تاہم بدترین لوڈشیڈنگ سمجھ سے بالاتر ہے حالانکہ پشاورمیں بجلی چوری نہیں ہو رہی اور بل بھی شہری وقت پر جمع کرا لیتے ہیں تاہم لوڈشیڈنگ کا بڑھتا ہوا سلسلہ عوام کے ساتھ زیادتی ہے ۔