159

پاکستانی نوجوان کی ہلاکت پر امریکی سفیر کی دفتر خارجہ طلبی، احتجاج ریکارڈ

سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے امریکی ملٹری اتاشی کی گاڑی کی ٹکر سے پاکستانی نوجوان کی ہلاکت کے معاملے پر امریکی سفیر ڈیوڈ ہیلی کو طلب کیا اور معاملے پر احتجاج ریکارڈ کروایا۔

دفترِ خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کا کہنا تھا کہ نوجوان کی ہلاکت کے معاملے میں ملکی قوانین اور ویانا کنونشن 1961 کے مطابق بھر پور انصاف کیا جائے گا۔

 امریکی سفیر نے ملٹری اتاشی کی گاڑی کی ٹکر سے پاکستانی نوجوان کی ہلاکت پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

امریکی سفیر ڈیوڈ ہیلی کا کہنا تھا کہ امریکی سفارتخانہ حادثے کی تحقیقات کے حوالے سے بھرپور تعاون کرے گا۔

یاد رہے کہ 7 اپریل کو اسلام آباد میں تھانہ کوہسار کے علاقے میں امریکی سفارت خانے کے ملٹری اتاشی کی گاڑی کی ٹکر سے ایک موٹر سائیکل سوار جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا تھا۔

8 اپریل کو جاں بحق ہونے والے نوجوان عتیق کی نمازِ جنازہ اس کے آبائی گاؤں تلہاڑ میں ادا کی گئی جس میں اس کے عزیز و اقارب سمیت مقامی افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ڈان نیوز کے مطابق گاڑی امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف ایمانوئیل خود چلا رہے تھے اور جب موٹر سائیکل کو ٹکر لگی تو دو نوجوان عتیق اور راحیل موٹر سائیکل پر سوار تھے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ امریکی ملٹری اتاشی کی گاڑی کی ٹکر سے عتیق موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ راحیل کو شدید زخمی حال میں قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

اسلام آباد پولیس نے امریکی سفارت خانے کی گاڑی کو تھانہ کوہسار منتقل کر دیا تاہم سفارتی استثنیٰ کے باعث ملٹری اتاشی جوزف کو گرفتار نہیں کیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق امریکی سفارتی اہلکار نے پولیس کے ساتھ بد تمیزی کی اور دوسری گاڑی میں پولیس اسٹیشن سے واپس چلے گئے۔

کوہسار پولیس اسٹیشن میں مقتول کے والد کی مدعیت میں سیکشن 320، 337، 279 اور 427 کے تحت واقعے کی ایف آئی آر درج کردی گئی۔

ایف آئی آر کے مطابق واقعہ امریکی سفارتی اہلکار کی غفلت کے باعث پیش آیا۔

یاد رہے کہ 2011 میں لاہور میں امریکی قونصل خانے سے منسلک سیکیورٹی اہلکار ریمنڈ ڈیوس نے فائرنگ کرکے دو نوجوانوں کو قتل کر دیا تھا جس کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ انھوں نے اپنے دفاع میں فائرنگ کی تھی۔