کابل ۔پاکستان اورافغانستان نے روابط کے ذریعے علاقائی سکیورٹی کے مشترکہ ہدف کے حصول پراتفاق کیا ہے۔یہ اتفاق رائے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور افغان صدر اشرف غنی کے درمیان جمعہ کو کابل میں وفود کی سطح پر ہونے والی بات چیت کے دوران طے پایا۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ایک روزہ دورہ افغانستان میں کابل میں افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی ، دونوں ملکوں کے درمیان وفود کی سطح کے مذاکرات ہوئے، دونوں رہنماوں نے اپنے اپنے وفود کی قیادت کی۔ذرائع کے مطابق مذ اکرات کھلے اوردوستانہ ماحول میں ہوئے، ملاقات میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے پرتپاک استقبال پر افغان صدر کا شکریہ ادا کیا۔ ۔
افغان صدر نے وزیراعظم اور پاکستانی وفد کے ارکان کا خیرمقدم کیا، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے افغان صدر سے وفود کی سطح پر ملاقات کی، جس میں سیکیورٹی معاملات، انسداد دہشت گردی، افغان پناہ گزینوں کی واپسی، منشیات کی پیداوار کے خاتمے افغان امن عمل اور دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک افغان قیادت کے درمیان خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوئی اور دونوں رہنماوں نے علاقائی سلامتی کے مشترکہ ہدف کے حصول پراتفاق کیا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے صدر اشرف غنی کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی دونوں رہنماوں نے کابل کی ارگ مسجد میں نماز جمعہ اداء کی،افغان صدر اشرف غنی نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور ان کے وفدکے اعزاز میں ظہرانہبھی دیا،س سے قبل جمعے کی دوپہر وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کابل کے ہوائی اڈے سے جب افغان صدارتی محل پہنچے تو صدر اشرف غنی نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر مہمان وزیرِ اعظم کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
افغان فوج کے دستوں کی جانب سے وزیراعظم کو سلامی بھی پیش کی گئی جبکہ دونوں ممالک کے قومی ترانوں کی دھنیں بھی بجائی گئیں۔اس دورے میں وزیرِ خارجہ خواجہ آصف، وزیرِ داخلہ احسن اقبال، پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر ناصر خان جنجوعہ اور صوبہ خیر پختونخوا کے گورنر اقبال ظفر جھگڑا بھی وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ ہیں۔واضح رہے کہ اس دورے سے قبل دفتر خارجہ کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ وزیر اعظم کے دورے کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنا، اس کا تسلسل برقرار رکھنا، پائیدار امن کے حصول کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا، دونوں ملکوں اور خطے میں استحکام اور معاشی خوشحالی لانا ہے۔یاد رہے کہ وزیر اعظم سے قبل سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے دورہ کابل میں اشرف غنی اور دیگر اعلی حکام سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات پر مبنی منصوبہ افغانستان پاکستان ایکشن پلان برائے امن اور اتحاد میں تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی،اس سے قبل ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ دورہ افغانستان کے بعد وزیراعظم شاہد خاقان عباسی 8 اپریل سے 11 اپریل تک چین کا دورہ بھی کریں گے۔
271