118

پانی بلوں سے متعلق ڈبلیو ایس ایس پی کی وضاحت

پشاور۔واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) انتظامیہ نے ڈسٹرکٹ کونسل پشاور میں پانی بلوں اور نئے کنکشن نرخوں بارے پیش کی جانے والی قرارداد سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی منظوری سے پانی بلوں میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا تھا جسے واپس لے لیا گیا ہے نئے ریٹ یکم جنوری 2018 ء سے نافذ العمل ہیں۔

انتظامیہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پرانے ریٹ کے تحت گھریلو صارفین سے 385 روپے ماہانہ بل اور نئے کنکشن (واٹر اینڈ سیوریج) کے لئے 6600 روپے وصول کئے جارہے تھے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے بلوں پر نظرثانی کرتے ہوئے گھریلو صارفین کے لئے ماہانہ بل 300 روپے اور نیا کنکشن فیس ایک ہزار روپے مقرر کیا ہے اسی طرح عام دکانوں کے لئے ماہانہ بل 1617 روپے سے کم کر کے پانچ سو روپے اور نیا کنکشن فیس دو ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔

نئے ریٹ پر یکم جنوری سے عملدرآمد شروع کیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق 2300 روپے پانی بل اور 10 ہزار روپے کنکشن فیس میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔ صارفین کی سہولت کے لئے مفت پیکیج بھی منظور کیا گیا ہے جس کے تحت یکم مارچ سے 30 جون 2018 ء تک نیا کنکشن مفت فراہم کیا جارہا ہے جبکہ اسی عرصے میں غیر قانونی کنکشنوں کو بھی بلا فیس رجسٹر کیا جائے گا، جوصارفین ایڈوانس میں ایک سال کا بل یکمشت جمع کرائے گا اسے 10 فیصد رعایت بھی دی جائے گی۔