13

اسحاق ڈار کی ای سی او کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید خان سے اہم ملاقات

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید خان سے ملاقات کی، جس میں رکن ممالک کے درمیان علاقائی تعاون، اقتصادی روابط اور باہمی رابطوں کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی۔

اس موقع پر اسحاق ڈار نے ای سی او کے رکن ممالک کے درمیان اقتصادی انضمام اور علاقائی روابط کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔

نائب وزیراعظم نے تنظیم کی چیئرمین شپ کے دوران پاکستان کی ترجیحات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا مرکزی موضوع ’’لچکدار اقتصادی تعاون تنظیم کے لیے علاقائیت کا احیاء‘‘ ہے۔

انہوں نے 2027 میں اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی میزبانی کے لیے پاکستان کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

ای سی او سیکریٹری جنرل کی پاکستان کے انتظامات کی تعریف

ای سی او کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید خان نے 30ویں اجلاس کے لیے پاکستان کے بہترین انتظامات، مہمان نوازی اور مؤثر رابطہ کاری کو سراہا۔

انہوں نے تنظیم کی آئندہ چیئرمین شپ حاصل کرنے اور 2027 میں ای سی او وزرائے خارجہ کونسل اور سربراہی اجلاس کی میزبانی پر پاکستان کو مبارک باد دی۔

ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا کہ یہ پیش رفت علاقائیت اور کثیرالجہتی تعاون کے فروغ کے لیے پاکستان کی اہمیت کو ظاہر کرتی ہے۔

پاکستان اور ای سی او سیکریٹریٹ میں رابطے جاری رکھنے پر اتفاق

ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے ای سی او سیکریٹریٹ کی جانب سے تنظیم کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور پاکستان کی چیئرمین شپ کے دوران تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

دونوں فریقوں نے اتفاق کیا کہ پاکستان کی چیئرمین شپ کے دوران حکومت پاکستان اور ای سی او سیکریٹریٹ کے درمیان قریبی رابطہ کاری برقرار رکھی جائے گی۔

اس تعاون کا مقصد طے شدہ اقدامات پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانے کے ساتھ علاقائی ترقی، اقتصادی خوشحالی اور رکن ممالک کے درمیان تعاون کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانا ہے۔