13

چرچ حملہ کیس: اردن کی عدالت کا تین ملزمان کو سزائے موت دینے کا فیصلہ

اردن کی ریاستی سکیورٹی عدالت نے گزشتہ ماہ جنوبی صوبے کرک میں چرچ پر ہونے والے مسلح حملے کے الزام میں گرفتار تین افراد کو سزائے موت سنا دی ہے۔

اردن کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق تینوں ملزمان کو اتوار کے روز سزا سنائی گئی۔ چرچ پر ہونے والے حملے میں 9 افراد ہلاک جبکہ 34 زخمی ہوگئے تھے۔

رپورٹ کے مطابق عدالت نے تینوں ملزمان کو دہشت گردی کی کارروائیوں کے نتیجے میں جانی نقصان پہنچانے، دہشت گردی کے مقاصد کے لیے اسلحہ اور گولہ بارود رکھنے اور ایک دہشت گرد گروپ کے نظریات کی تشہیر کے الزامات میں مجرم قرار دیا۔

عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی جاسکتی ہے، جبکہ اردن کی اعلیٰ ترین اپیل کی عدالت بھی فیصلے کا ازخود جائزہ لے سکتی ہے۔

واضح رہے کہ 23 اکتوبر کو حمود گاؤں کے ایک یونانی آرتھوڈوکس چرچ میں آخری رسومات کی تقریب کے دوران مسلح افراد نے فائرنگ کردی تھی، جس کے نتیجے میں 9 افراد جان سے گئے اور 34 زخمی ہوئے تھے۔

پبلک سکیورٹی ڈائریکٹوریٹ کے مطابق واقعے کے بعد 26 اکتوبر کو سکیورٹی فورسز نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک خالی مکان سے تینوں ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا تھا۔

بعد ازاں اسی روز اردن نے جنوبی شام میں فضائی حملوں کے ذریعے مبینہ طور پر چرچ حملے میں ملوث گروہوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔ تاہم شامی حکام کے مطابق ان حملوں میں تین بچوں اور ایک خاتون سمیت 7 افراد ہلاک ہوئے۔

اردن نے بعد میں تسلیم کیا تھا کہ شام میں اس کے فضائی حملوں کے دوران عام شہری بھی مارے گئے۔ اس معاملے پر اردن اور شام نے واقعے اور اس کے نتائج کا جائزہ لینے کے لیے مشترکہ سکیورٹی کمیٹی قائم کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

واضح رہے کہ اردن انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں امریکا کا اتحادی ہے۔