14

ایک دن میں 4 ارب روپے کا سونا نکالنے کا الزام مضحکہ خیز ہے: شوکت یوسفزئی

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے اختیار ولی کی جانب سے خیبر پختونخوا میں ایک دن کے دوران 4 ارب روپے مالیت کا سونا نکالے جانے کے الزام کو مضحکہ خیز قرار دے دیا۔

اپنے بیان میں شوکت یوسفزئی نے کہا کہ اسی لیے کہتے ہیں پہلے تولو پھر بولو، نقل کے لیے بھی عقل کی ضرورت ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی پورے سال کی ٹیکس اور نان ٹیکس آمدن صرف 150 ارب روپے ہے۔ اگر صوبے میں روزانہ 4 ارب روپے کی آمدن ہو رہی ہے تو یہ ٹھیکہ اختیار ولی صاحب کو دے دینا چاہیے۔

شوکت یوسفزئی نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اختیار ولی 500 ارب روپے صوبے کو اور 500 ارب روپے وفاق کو دے کر باقی رقم خود رکھ لیں۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ اگر صوبے کی سالانہ آمدن 1500 ارب روپے ہوتی تو خیبر پختونخوا پیرس بن چکا ہوتا۔ حکومت کو چاہیے کہ بھونڈے طریقے سے پی ٹی آئی کا میڈیا ٹرائل بند کرے، کیونکہ ان کے بقول جھوٹ بریگیڈ کو پی ٹی آئی کے خلاف نئے نئے بیانیے بنانے پر لگا دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پہلے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عدم تعاون، پھر کرپشن اور اب غیر قانونی مائنز کے الزامات لگائے جا رہے ہیں، جو افسوسناک ہیں۔ اگر الزامات لگانے والوں کے پاس کرپشن اور غیر قانونی کان کنی کے ثبوت موجود ہیں تو انہیں سامنے لانا چاہیے۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ 80 فیصد سونا افغانستان اسمگل ہونے کا الزام بھی بہت بڑا دعویٰ ہے۔ قدرتی معدنیات سے صوبے کے وسائل میں اضافہ کرنا غیر قانونی نہیں، بلکہ اگر خیبر پختونخوا میں سائنسی بنیادوں پر کان کنی کے لیے سرمایہ کار آتے ہیں تو یہ ایک مثبت پیش رفت ہے۔