بلوچستان کے ضلع چاغی میں ریکوڈک منصوبے سے تقریباً 50 کلومیٹر کے فاصلے پر سونے اور تانبے کے نئے ذخائر کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے، جسے پاکستان کے معدنی شعبے میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ماڑی انرجیز نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو خط کے ذریعے آگاہ کیا ہے کہ اس کے مکمل ملکیتی ذیلی ادارے ماڑی منرلز نے چاغی کے علاقے کوہ سلطان میں ایسٹ سیاہ ڈک کے مقام پر سونے اور تانبے کی معدنیات دریافت کی ہیں۔
کمپنی کے مطابق اس مقام پر دو مراحل میں تقریباً 25 ہزار میٹر ڈرلنگ کی گئی، جس کے دوران تقریباً 1.4 مربع کلومیٹر کے علاقے میں اور سطح زمین سے 100 میٹر نیچے تانبے کی معدنیات کی موجودگی سامنے آئی۔
ماڑی انرجیز کا کہنا ہے کہ ڈرلنگ کے دوران 500 میٹر تک گہرائی میں معدنیات کے شواہد ملے ہیں، جبکہ بعض مقامات پر 500 میٹر سے زیادہ گہرائی میں بھی معدنیات کی موجودگی کے آثار سامنے آئے ہیں۔
کمپنی کے مطابق پہلے مرحلے کی ڈرلنگ کے جیو کیمیکل نتائج مرتب کرلیے گئے ہیں، جبکہ دوسرے مرحلے کے نمونوں کی لیبارٹری میں جانچ جاری ہے، جس کے 2027 کی پہلی سہ ماہی میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔
ماڑی انرجیز آئندہ مرحلے میں مزید ڈرلنگ کرکے ایک ہزار میٹر تک گہرائی میں معدنیات کی موجودگی کا جائزہ لے گی۔ اس کے بعد ابتدائی جیولوجیکل ماڈل اور معدنی وسائل کا تخمینہ تیار کیا جائے گا۔
تاہم کمپنی نے واضح کیا ہے کہ فی الحال دریافت شدہ معدنیات کے مجموعی حجم، معیار اور معاشی اہمیت کا حتمی تعین نہیں کیا جاسکا۔ اس مقصد کیلئے مزید ڈرلنگ، تجربات اور تکنیکی مطالعات درکار ہوں گے، اس لیے موجودہ نتائج کو ثابت شدہ معدنی ذخائر قرار نہیں دیا جاسکتا۔
یہ پیش رفت اسلام آباد میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے انعقاد کے موقع پر سامنے آئی ہے، جس کا مقصد ملک کے معدنی وسائل کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا اور مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان کا ضلع چاغی سونے اور تانبے کے وسیع معدنی وسائل کے باعث اہمیت رکھتا ہے، جہاں ریکوڈک منصوبہ بھی واقع ہے۔









