6

ایران امریکا کشیدگی کے اثرات: خلیجی ممالک کو پاکستانی برآمدات میں بڑی کمی

ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران پاکستان کی خلیجی ممالک کو برآمدات میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق مارچ سے جون 2026 کے دوران پاکستانی برآمدات میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 32.3 فیصد کمی ہوئی ہے۔

دستیاب دستاویز کے مطابق مارچ تا جون 2025 کے دوران خلیجی ممالک کو پاکستان کی برآمدات 98 کروڑ 6 لاکھ ڈالر تھیں، جو رواں سال اسی عرصے میں کم ہوکر 66 کروڑ 37 لاکھ ڈالر رہ گئیں۔

اس طرح ایک سال کے دوران خلیجی ممالک کو پاکستانی برآمدات میں تقریباً 31 کروڑ 69 لاکھ ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

جولائی سے اکتوبر تک بھی برآمدات میں کمی

دستاویز کے مطابق جولائی تا اکتوبر 2026 کے دوران بھی خلیجی ممالک کو پاکستانی برآمدات گزشتہ سال کے مقابلے میں کم ہوئیں۔

گزشتہ سال اس عرصے کے دوران برآمدات ایک ارب 88 کروڑ 90 لاکھ ڈالر تھیں، جو رواں سال کم ہوکر ایک ارب ایک کروڑ 91 لاکھ ڈالر رہ گئیں۔

متحدہ عرب امارات کو برآمدات میں سب سے زیادہ کمی

اعداد و شمار کے مطابق مارچ سے جون 2026 کے دوران متحدہ عرب امارات کو پاکستان کی برآمدات میں 42.7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

اسی عرصے میں سعودی عرب کو پاکستانی برآمدات میں 1.7 فیصد جبکہ عمان کو برآمدات میں 25.1 فیصد کمی ہوئی۔

ایران امریکا تنازع کے اثرات پاکستانی تجارت پر بھی نمایاں ہونے لگے ہیں، جبکہ خلیجی ممالک کو برآمدات میں کمی نے تجارتی سرگرمیوں سے متعلق نئے خدشات پیدا کردیے ہیں۔