94

دہشتگردوں کو ملک کیلئے خطرہ نہیں بننے دیں گے، خواجہ آصف 

اسلام آباد ۔وزیرخارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو ملک کے لیے خطرہ نہیں بننے دیں گے، پڑوسی ملک میں دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ہیں اور دہشت گرد وہاں سے پاکستان پر حملے کر رہے ہیں ،دہشتگردی کیخلاف قربانیاں دیں،متاثرہ علاقوں کی بحالی پر کام جاری ہے ، وژن 2025 جمہوری پاکستان کی علامت ہے، سی پیک سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں ترقی کے مواقع میسرہوں گے۔

محصولات کا دائرہ اور برآمدات کے فروغ سے معیشت مستحکم ہوتی ہے ۔خواجہ آصف بین الاقوامی انسداد دہشت گردی فورم سے خطاب کر رہے تھے، وزیر اعظم شاہدخاقان عباسی اور وزیر داخلہ احسن اقبال اس موقع پر موجود تھے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پڑوسی ملک میں دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ہیں اور دہشت گرد وہاں سے پاکستان پر حملے کر رہے ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بے پناہ قربانیاں دیں، دہشت گردوں کے خاتمے کے بعد متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام کامیابی سے کیا، دہشت گردی اورانتہاپسندی کے دن ختم ہوگئے،اب ملک ترقی کریگا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ قائداعظم کے جمہوری پاکستان کے وژن پرعمل پیراہیں، پاکستانی آئین جمہوریت پسند ہے، جو تمام پاکستانیوں کو بنیادی حقوق دیتا ہے اور جمہوری نظام کی وجہ سے ہی وجود میں آتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت سے آزادی رائے، سماجی اور معاشی حقوق کوتحفظ ملتاہے، اسی نظام کی بنیاد سماجی انصاف اورانسانی حقوق ہیں، غربت کا خاتمہ اور روزگارکی فراہمی بھی اسی کی وجہ سے ممکن ہوتی ہے۔

خواجہ آصف کا مزید کہنا ہے کہ ہمیں ملک میں انسانی وسائل کوترقی دینے کی ضرورت ہے، ملک میں پائیدارترقی کیلئے کوشاں ہیں۔وزیر خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ محصولات کا دائرہ اور برآمدات کے فروغ سے معیشت مستحکم ہوتی ہے، سی پیک سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں ترقی کے مواقع میسرہوں گے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردوں کو ملک کے لیے خطرہ نہیں بننے دیں گے، ملک کے انسانی وسائل کو ترقی دینے کی ضرورت ہے،وژن2025 میں سماجی اصلاحات اورپولیس اصلاحات بھی شامل ہیں۔