262

محکموں میں خالی اسامیاں پر کرنے کی ہدایت

پشاور۔خیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے تمام متعلقہ محکمہ جات پر زوردیا ہے کہ وہ اپنے ذرائع آمدن میں اضافے اوراخراجات کو کنٹرول کرنے کے لئے مؤثر اقدامات اٹھائیں تاکہ صوبے کی معاشی حالت بہتر ہوسکے۔ انہوں نے محکموں کو ہدایت کی کہ وہ خالی پڑی آسامیوں کوپُر کرنے کاکام تیزکریں تاکہ ہرشعبے کی پیشہ ورانہ استعداد اورکارکردگی میں مزید بہتری آئے ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ محصولات وصولی کی مدمیں محکمہ ایکسائز وٹیکسیشن اورمحکمہ خوراک کی پیشہ ورانہ کارکردگی میں بہتری لانے پر دونوں محکمے قابل تعریف ہیں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کے روز محکمہ خزانہ کے کمیٹی روم میں مالی سال 2018-19 کی بجٹ تیاری کے سلسلے میں مختلف محکموں کے ساتھ متعددمشاورتی اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ منعقدہ اجلاسوں میں ایکسائز وٹیکسیشن اور نارکاٹیکس کنٹرول ،قانون وانصاف ،زراعت ،خوراک ،اعلیٰ تعلیم ،ابتدائی وثانوی تعلیم، انرجی اینڈپاور، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ،ریوینو اینڈ اسٹیٹ، ماحولیات اورجیل خانہ جات کے محکمہ جات کے ساتھ محکمہ خزانہ کی تفصیلی مشاورت ہوئی۔ اجلاسوں میں صوبائی وزراء میاں جمشید الدین کاکاخیل ،امتیاز شاہد قریشی ،سردار اکرام للہ خان گنڈا پور ،قلندر خان لودھی، مشتاق غنی ،محمد عاطف اور متعلقہ محکمہ جات کے انتظامی سیکرٹریوں اوردیگر حکام نے شرکت کی۔

اجلاسوں میںآئندہ مالی سال 2018-19 کیلئے مختلف محکموں کیلئے بجٹ کے تخمینے کاجائزہ لیاگیا جبکہ مالی سال 2017-18 میں اعلان کردہ منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت اور محکموں کی جانب سے ذرائع آمدن بڑھانے کے لئے دی گئی تجاویز پرغور کیاگیا ۔اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کاکہناتھا کہ تمام محکمہ جات اپنے اخراجات کو کم کرنے کے لئے اقدامات اٹھائیں جبکہ محاصل فراہم کرنے والے محکمہ جات اپنے وسائل اورمحاصل کو بڑھانے پر توجہ دیں تاکہ صوبے کی مالی پوزیشن مستحکم ہوسکے۔ انہوں نے بجٹ تجاویز فراہم کرنے کے دوران محکمہ ایکسائز کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا۔