98

ایم ایم اے کا صوبائی صدر کے انتخاب پر ڈیڈ لاک

پشاور۔متحدہ مجلس عمل خیبر پختونخوا کی صدارت کے معاملہ پر جمعیت علمائے اسلام(ف) اور جماعت اسلامی کے مابین شدید اختلافات کے باعث صوبائی صدر کا انتخاب نہ ہوسکا، جمعیت کا مولانا گل نصیب خان اور جماعت کا مشتاق احمد خان کو ایم ایم اے کا صوبائی صدر بنانے کے مطالبہ کے پیش نظر ڈیڈلاک پید ہوگیا ، جس کے باعث صوبائی تنظیم سازی کیلئے طلب کردہ اجلاس اختلافات کی نذر ہوکر بے نتیجہ ختم ہوگیا ، خیبر پختونخوا کی قیادت کے انتخاب کیلئے ایم ایم اے کی 20رکنی خصوصی کمیٹی کا اجلاس جمعیت سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا جس میں اتحاد میں شامل تمام جماعت کے چار چار ارکان نے شرکت کی ۔

اجلاس کے دوران ایم ایم اے کی صوبائی صدارت کیلئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے صوبائی امیر مولانا گل نصیب خان اورجماعت اسلامی کے صوبائی امیر سینیٹر مشتاق احمد خان کے نام پیش کئے تھے تاہم طویل مشاورت اور مذاکرات کے کئی ادوار کے باوجود کسی ایک نام پر اتفاق نہ ہوسکا جس کے باعث ایم ایم اے کے صوبائی صدر کے انتخاب کے معاملہ پر ڈیڈلاک اور اختلافات پیدا ہوئے ، دونوں جماعتوں کے مابین ڈیڈلاک اور اختلافات کے باعث 6گھنٹوں سے زیادہ دیر تک مشاورتی اجلاس جاری رہنے کے باوجود صوبائی صدارت کیلئے کسی متفقہ نام پر اتفاق نہ ہوسکا۔

جس کے باعث اجلاس بے نتیجہ ختم ہوا ذرائع کے مطابق صوبائی تنظیم سازی کیلئے خصوصی کمیٹی کا اجلاس اب 10اپریل کے بعد ہوگا، اس سلسلے میں جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ سمیت ایم ایم اے کے مرکزی قائدین نے میڈیا کو بتایا کہ ایم ایم اے خیبر پختونخوا کی صوبائی کابینہ کے انتخاب کیلئے کمیٹی کا اجلاس جلد دوبارہ بلایا جائیگا ، صوبائی کونسل تشکیل دی گئی ہے جس میں ہر جماعت کے تین تین نمائندے شامل ہیں جو صوبائی کونسل صوبائی کابینہ منتخب کرے گی ۔