2

ملک کے بالائی علاقوں میں 25 سے 30 ستمبر تک شدید بارشوں کا الرٹ جاری

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 25 سے 30 ستمبر کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں متوقع بارشوں اور ممکنہ موسمی خطرات کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں اور برساتی ندی نالوں میں اچانک طغیانی کا خدشہ ہے۔

محکمہ نے بتایا کہ 25 اور 26 ستمبر کو مغربی ہواؤں کے نظام میں شدت آنے کا امکان ہے، جس کے باعث بعض علاقوں میں شدید بارش اور سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔

گلگت بلتستان کے استور، اسکردو، روندو، گھانچے اور شگر جبکہ آزاد کشمیر کے نیلم ویلی، حویلی، پونچھ اور سدھنوتی میں سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا کے سوات، باجوڑ، دیر، کوہستان، کولئی پالس، بٹگرام اور مانسہرہ سمیت مختلف اضلاع میں بھی شدید بارش کے باعث خطرات بڑھنے کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، مری اور گلیات میں شدید بارش سے شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے اور سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔ لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سرگودھا، فیصل آباد، اوکاڑہ، ساہیوال اور جھنگ سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں میں بھی شدید بارش کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا کے متعدد اضلاع میں بھی 30 ستمبر تک گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو پیشگی انتظامات مکمل کرنے، ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں اور ضروری وسائل تیار رکھنے، جبکہ بارش اور ندی نالوں کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی ہے۔

عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ برساتی ندی نالوں، پہاڑی نالوں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں کو عبور کرنے سے گریز کریں اور نشیبی و خطرے سے دوچار علاقوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔