5

اٹلی میں اسکولوں کے اندر برقع اور نقاب پر پابندی

اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی کی حکومت نے اسکولوں سے متعلق ایک نئے فرمان کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت اسکولوں میں برقع اور نقاب پہننے پر پابندی اور بعض کلاسز میں غیر اطالوی طلبا کی تعداد کو محدود کرنے کی شق شامل ہے۔

حکومت کے مطابق نئی پالیسی کے تحت ایک کلاس میں ایسے طلبا کی تعداد 30 فیصد تک محدود ہوگی جو اطالوی زبان پر مناسب عبور نہیں رکھتے۔ اس کے ساتھ طلبا اور ان کے خاندانوں کے لیے اطالوی زبان سیکھنے کے مزید مواقع فراہم کرنے کی بھی بات کی گئی ہے۔

نئے ضابطے کے تحت اسکول کی تعلیمی اور متعلقہ سرگرمیوں میں چہرہ ڈھانپنے پر پابندی ہوگی، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں جرمانے کی شق بھی موجود ہے۔ نابالغ کی صورت میں جرمانہ والدین پر عائد کیا جاسکتا ہے۔

وزیراعظم جارجیا میلونی کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد تعلیمی اداروں میں انضمام کو بہتر بنانا، اطالوی زبان سیکھنے کے مواقع بڑھانا اور ایسی کلاسز کے قیام کو روکنا ہے جہاں طلبا ایک دوسرے سے الگ تھلگ رہیں۔

دوسری جانب اپوزیشن اور بعض تعلیمی حلقوں نے ان اقدامات پر اعتراضات اٹھائے ہیں۔ ناقدین کا مؤقف ہے کہ نئی پابندیاں طلبا کی تعلیم اور ان کے رہائشی علاقوں کے قریب اسکولوں تک رسائی کو متاثر کرسکتی ہیں۔

اطالوی حکام کے مطابق نئی پابندیاں کچھ مخصوص زمروں کے طلبا پر یکساں طور پر لاگو نہیں ہوں گی، جبکہ اٹلی میں پیدا ہونے والے یا ابتدائی عمر سے مقامی تعلیمی نظام میں شامل بچوں کے لیے مختلف شرائط رکھی گئی ہیں۔