بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے کہا ہے کہ 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ سے قبل ہاردک پانڈیا اور جسپریت بمراہ کا مکمل فٹ، بہترین ردھم میں اور مناسب میچ ٹائم کے ساتھ ہونا انتہائی اہم ہوگا۔
ایک انٹرویو میں گوتم گمبھیر نے کہا کہ جنوبی افریقا میں ہونے والے ورلڈ کپ میں ہاردک پانڈیا اور جسپریت بمراہ بھارتی ٹیم کیلئے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، اس لیے ٹورنامنٹ سے قبل دونوں کھلاڑیوں کی مکمل تیاری ضروری ہے۔
گمبھیر کے مطابق ہاردک پانڈیا کی آل راؤنڈ صلاحیت انہیں خاص بناتی ہے۔ وہ مڈل آرڈر میں بیٹنگ کے ساتھ 10 اوورز کرانے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں اور میچ پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہاردک نے آئی پی ایل کے بعد زیادہ کرکٹ نہیں کھیلی، اس لیے ون ڈے میں واپسی کی صورت میں انہیں میچ پریکٹس کی کمی محسوس ہوسکتی ہے۔ ان کے مطابق ہاردک کیلئے پہلے کچھ ٹی20 میچز کھیلنا اور اس کے بعد ون ڈے کرکٹ میں آنا مفید ہوسکتا ہے۔
گوتم گمبھیر نے واضح کیا کہ ورلڈ کپ جیسے بڑے ایونٹ میں آدھی تیاری کے ساتھ شرکت مناسب نہیں، کھلاڑیوں کو ٹورنامنٹ سے پہلے مناسب گیم ٹائم اور بہترین ردھم حاصل کرنا ہوگا۔
جسپریت بمراہ کے حوالے سے بھارتی ہیڈ کوچ نے کہا کہ ان کے لیے ون ڈے کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ بھی اہم ہے، اس لیے ٹیم مینجمنٹ کو ان کے ورک لوڈ اور گیم ٹائم کا مناسب توازن برقرار رکھنا ہوگا۔
گمبھیر کے مطابق ورلڈ کپ میں غلطیوں کی گنجائش بہت کم ہوتی ہے، اسی لیے ہاردک پانڈیا اور جسپریت بمراہ کی فٹنس، میچ تیاری اور ورک لوڈ مینجمنٹ پر خصوصی توجہ دینا ضروری ہے۔









