ایران کے سپریم لیڈر کے مشیر محمد مخبر نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران کو پروازوں اور ہوائی اڈوں کی سہولیات سے محروم کیا گیا تو خطے کے دیگر ممالک کے فضائی آپریشن بھی متاثر ہوسکتے ہیں۔
ایکس پر جاری بیان میں محمد مخبر نے کہا کہ خطے میں فضائی سفر سب کے لیے کھلا ہونا چاہیے یا کسی کے لیے نہیں۔ انہوں نے ایران کے خلاف مبینہ پابندیوں اور فضائی سہولیات میں رکاوٹوں پر سخت ردعمل کا اظہار کیا۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی پابندیوں کے بعد ایرانی ایئرلائنز کی بین الاقوامی پروازوں کو مختلف ممالک میں رکاوٹوں کا سامنا ہے۔ متحدہ عرب امارات نے بھی ایرانی ایئرلائنز کی آمد و رفت کو غیر معینہ مدت تک معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق آذربائیجان اور جارجیا میں بھی ایرانی پروازیں معطل کی گئی ہیں، جبکہ بغداد اور مسقط کے روٹس بھی متاثر ہوئے ہیں۔
محمد مخبر نے کہا کہ ایران فضائی سفر کے حوالے سے کسی بھی امتیازی اقدام کو قبول نہیں کرے گا، جبکہ ایران کے خلاف پالیسیوں میں تعاون کرنے والے ممالک کے بارے میں بھی سخت موقف اختیار کیا۔
دوسری جانب امریکا نے ایرانی فضائی شعبے سے متعلق پابندیوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی کمرشل ایوی ایشن کو مبینہ طور پر اسلحہ، اہلکاروں اور دیگر سامان کی منتقلی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
خطے میں ایرانی پروازوں سے متعلق صورتحال مسلسل تبدیل ہو رہی ہے اور مختلف ممالک میں فضائی آپریشن متاثر ہونے کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔









