335

معذور بچوں کی سکول تک رسائی کیلئے خصوصی اقدامات 

پشاور ۔صوبائی وزیر تعلیم و توانائی محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ ٹیلی تعلیم منصوبے کے تحت سکول نہ جانے والے صوبے کے 37000 معذور بچوں کو کمیونٹی سکولوں سے آن لائن منسلک کیا جائیگا۔ معذوری کی وجہ سے سکول نہ جانیوالے بچوں کو لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے۔ 

جبکہ سکول جانے کے قابل خصوصی بچوں کو 700روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائیگا۔ وہ پشاور میں ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اس موقع پر سپیشل سیکرٹری محکمہ تعلیم ارشد خان،منیجنگ ڈائریکٹر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن ذوالفقار اور دیگر موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن طریقہ تعلیم میں ان خصوصی بچوں کو قریبی کمیونٹی سکول کے ساتھ منسلک کیا جائیگا۔ 

جہاں پر بذریعہ کمپیوٹر وہ کلا س میں حصہ لے گا۔ اور جو بچے سکول جانے کے قابل ہیں وہ قریبی کمیونٹی سکول جاسکیں گے اور حکومت ان کو ماہانہ وظیفہ دے گی۔ محمد عاطف خان نے کہا کہ یہ خصوصی بچے بھی اس ملک و قوم کا بہترین سرمایہ ہیں اور ہم ان کو بذریعہ تعلیم اس ملک کے کار آمد شہری بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسی مہینے میں ان کے داخلے کا سیشن شروع کیا جائیگا۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ 25اضلاع کے 1700کمیونٹی سکولوں میں اب تک 90ہزار طلباء تعلیم حاصل کررہے ہیں جبکہ ان سکولوں کی تعداد میں 500سکولوں کا اور بھی اضافہ کیا جائیگا۔ اور 30ہزار مزید طلباء کو بھی داخلہ دیا جائیگا۔