انسداد دہشتگردی کی عدالت (اے ٹی سی) لاہور نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کا 20 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔ ترجمان انویسٹی گیشن پولیس کے مطابق حماد اظہر گزشتہ 3 برس سے روپوش تھے، اشتہاری قرار دیے گئے تھے اور 18 مقدمات میں مطلوب تھے۔ حماد اظہر کو اے ٹی سی جج سردار محمد اکرم کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سماعت کے دوران جج نے میڈیا اور غیر متعلقہ افراد کو کمرہ عدالت سے باہر جانے کی ہدایت کی۔ دوسری جانب حماد اظہر کی والدہ نے لاہور ہائیکورٹ میں حبسِ بے جا کی درخواست دائر کی تھی جس میں ان کی گرفتاری کی قانونی حیثیت چیلنج کی گئی تھی۔ واضح رہے کہ حماد اظہر 2018 میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے اور تحریک انصاف کے دور حکومت میں وفاقی وزیر کے طور پر ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔
8









