8

سندھ کے عوام نے عزت دی مگر حکمران عوام کو مایوس کر رہے ہیں: سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے سندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے عوام کی بدقسمتی ہے کہ ایسے لوگ ان پر حکمران ہیں۔

کراچی میں وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ سندھ کے عوام نے انہیں عزت دی اور ہمت کے ساتھ فسطائیت کا مقابلہ کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کراچی میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کو گرفتار کیا جاتا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ایک طرف بلاول خوش آمدید کرتے ہیں جبکہ دوسری جانب راستے میں کھڈے کھودے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک وزیراعلیٰ کی جانب سے پڑوسی ممالک سے خطرے کا ذکر کیا جاتا ہے، جبکہ اسی وزیراعلیٰ کی جماعت وفاق میں بھی حکومت میں شامل ہے۔ ان کے مطابق اس صورتحال سے متعلق بیانیے پر سوالات اٹھتے ہیں۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ پاکستان کے معاملات بانی پی ٹی آئی کے دور میں بہتر تھے۔ ان کے مطابق پالیسی پر تنقید کرنے پر انہیں افغانستان جانے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

انہوں نے اپنی ذاتی زندگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ بسوں اور رکشوں میں اسکول جاتے رہے ہیں، وہ بانی پی ٹی آئی کے رشتے دار نہیں اور نہ ہی ارب پتی ہیں۔