7

آئی سی سی: کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی، فاطمہ ثناء پر جرمانہ عائد

قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء پر آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا۔

فاطمہ ثناء کو 2 سال کے دوران دوسری مرتبہ ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا ہے۔

فاطمہ ثناء نے بھارتی بیٹر شفالی ورما کو آؤٹ کرنے کے بعد پویلین کی طرف اشارہ کیا تھا، جس پر انہیں آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.5 کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا۔

قومی کپتان نے میچ ریفری کے سامنے اپنی غلطی تسلیم کرلی، جس کے بعد کارروائی مکمل کی گئی۔

فاطمہ ثناء کو اس سے قبل اگست 2025 میں آئرلینڈ کے خلاف میچ میں بھی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا تھا۔

آئی سی سی قوانین کے تحت 24 ماہ کے دوران 4 یا اس سے زائد ڈی میرٹ پوائنٹس حاصل ہونے پر کھلاڑی پر ایک ٹیسٹ، دو ون ڈے یا دو ٹی ٹوئنٹی میچز کی پابندی عائد کی جاسکتی ہے۔

واضح رہے کہ ویمنز ایشیا کپ 2026 میں بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے بھارت کو 56 رنز کا ہدف دیا تھا، جو بھارتی ٹیم نے باآسانی حاصل کرلیا۔