140

امجد صابری کے قاتل سمیت 10 دہشتگردوں کی سزائے موت کی توثیق

 راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ نے 62 افراد کے قتل میں ملوث 10 خطرناک دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 10 خطرناک دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی جب کہ 5 دہشت گردوں کو قید کی سزا بھی سنائی گئی۔ دہشت گرد شہریوں کے قتل اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے 5 شہریوں، 11 پولیس اہلکاروں، ایف سی کے 46 اہلکاروں کو قتل کیا جب کہ سزائے موت پانے والے مجرموں میں معروف قوال امجد صابری کے قاتل بھی شامل ہیں، ان مجرموں کو فوجی عدالت نے سزائیں سنائیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق امجد صابری کے قتل میں محمد اسحاق ولد محمد ابراہیم اور محمد عاصم ولد عبدالرحمان جب کہ پشاور کے فائیو اسٹار ہوٹل پر حملے میں ملوث محمد عارش خان ولد محمد اسلم کو سزائے موت سنائی گئی، اس کے علاوہ لیفٹیننٹ کرنل محمد یوسف اور 16 جوانوں کے قتل میں محمد رفیق ولد حمید خان کو سزائے موت ہوئی۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حبیب الرحمان ولد کھوبہ گل کے حملے میں لیفٹیننٹ کرنل انور عباس اور 3 جوان شہید ہوئے، محمد فیاض ولد گل فراز کے حملوں میں تین فوجیوں سمیت 8 افراد شہید ہوئے، اسماعیل شاہ ولد نیک بادشاہ اور فضل محمد ولد عبدالمتین فورسز پر حملوں میں ملوث تھے جب کہ حضرت علی ولد محمد علی 4 فوجیوں اور حبیب اللہ ولد انور بیگ پولیس کانسٹیبل کی ہلاکت میں ملوث تھا۔

واضح رہے کہ 2 سال قبل کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں معروف قوال امجد صابری  کی گاڑی پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار امجد صابری موقع پر جاں بحق جب کہ ان کے دیگر 2 ساتھی اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے تھے۔