241

فاٹا انضمام ‘ وفاقی حکومت پر دباؤ ڈالنے کیلئے تیاریاں شروع 

پشاور۔ فاٹا کے صوبہ میں انضمام کے حوالہ سے مرکزی حکومت پردباء بڑھانے کی غرض سے اے این پی نے کل جماعتی کانفرنس بلانے کی تیاریاں شروع کردی ہیں اس سلسلہ میں اے پی سی کی تاریخ کاتعین کرنے کے لیے عوامی نیشنل پارٹی کے تھنک ٹینک کا اجلاس آج بروز پیر 2اپریل کو دن گیارہ بجے ولی باغ چارسدہ میں ہو گا ، پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان مشاورتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی غور کیا جائے گا ۔

اسی طرح فاٹا انضمام کے لیے وفاقی حکو مت پر دباؤ ڈالنے اورعوامی رائے سے آگاہ کرنے کے لئے قومی اسمبلی میں مشترکہ قرارداد لانے کی تیاریاں بھی شروع کردی گئی ہیں قرارداد آزاد پارلیمانی گروپ کی طرف سے لائی جائے گی جس پر انضمام کی حامی تمام جماعتوں کے پارلیمانی سربراہوں کے دستخط لیے جائیں گے ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت پر ا پنا دباؤ بڑھانے کے لئے طے شدہ حکمت عملی کے تحت اب قومی اسمبلی میں انضمام کی حامی تمام جماعتوں کو متحد کرکے مشترکہ قرارداد لائی جائے گی ۔

جس میں تاخیر حربوں پر تشویش کااظہارکرتے ہوئے مرکزی حکومت سے فاٹا کے فوری انضمام کامطالبہ کیاجائے گا اس سلسلے میں قرارداد کامسودہ تیار کیاجارہاہے اور فاٹا انضمام تحریک کے سربراہ شاہ جی گل آفریدی تمام جماعتوں کے پارلیمانی لیڈروں سے اس پر دستخط لینگے وہ خورشید شاہ ،جہانگیر ترین ،صاحبزادہ طارق اللہ ،فاروق ستار ،آفتاب شیرپاؤ ،شیخ رشید ،غلام بلور ،اعجاز الحق ،اوردیگر رہنماؤ ں کے ساتھ ملاقات کرکے انکی حمایت مانگیں گے۔