87

جوڈیشل ریفارمز پر’ ن لیگ ‘نے ہماری مخالفت کی‘بلاول بھٹو 

حیدر آباد ۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عدلیہ اپنا کام کرے اور سیاستدانوں کو اپنا کام کرنے دے‘ ہمارے گزشتہ دور حکومت میں جوڈیشل ریفارمز پر مسلم لیگ (ن) نے ہماری مخالفت کی ‘ آئی ایس پی آر نے وضاحت کردی ہے کہ ان کا ڈاکٹرائن سکیورٹی کے حوالے سے ہے‘ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو چیئرمین سینٹ کے حوالے سے اپنا بیان واپس لینا چاہئے۔

اتوار کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ امیر امیر تر ہوتا جارہا ہے اور غریب غریب تر‘ ہم جوڈیشل ریفارمز کرنا چاہتے ہیں پوری دنیا میں نظریاتی سیاست کم ہوتی جارہی ہے ہم سب کو مل کر نظریاتی سیاست کے لئے کام کرنا ہوگا پاکستان پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جس نے ڈلیور کیا۔ ہماری گزشتہ حکومت نے جوڈیشل ریفارمز کی کوشش کی (ن) لیگ نے جوڈیشل ریفارمز پر ہماری مخالفت کی۔

انہوں نے کہا کہ عدلیہ اپنا کام کرے اور سیاستدانوں کو اپنا کام کرنے دے۔ اگر سیاستدان ناکام ہیں تو عوام ووٹ کے ذریعے ان کو نکال سکتے ہیں۔ آئی ایس پی آر نے وضاحت کردی ہے کہ ان کا ڈاکٹرائن سکیورٹی کے حوالے سے ہے مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اداروں کو کمزور کیا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو چیئرمین سینٹ کے حوالے سے اپنا بیان واپس لینا چاہئے ایک دوسرے کے کام میں مداخلت سے ادارے کمزور ہوتے ہیں۔