135

34 جماعتیں عام انتخابات میں حصہ لینے کی اہل قرار

اسلام آباد۔الیکشن کمیشن کے پاس رجسٹرڈ 70سیاسی جماعتوں میں صرف34سیاسی جماعتیں ہی اگلے عام انتخابات میں حصہ لینے کی اہل قرار پائی ہیں ،نئے الیکشن ایکٹ کے تحت سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن کے لئے 2ہزار کارکنوں کی تصدیق شدہ فہرست اور2 لاکھ فیس ادائیگی کے شرط نے 300کے قریب تانگہ پارٹیوں کوانتخابات کی دوڑ سے باہر کردیا ہے ۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے تفصیلات کے مطابق کمیشن کے پاس رجسٹرڈ 70سیاسی جماعتوں میں سے صرف 34سیاسی جماعتیں ہی اگلے عام انتخابات میں حصہ لینے کی اہل ہیں اور انہی سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹس الاٹ کئے جائیں گے۔

ان سیاسی جماعتوں میں پاکستان مسلم لیگ ن ،پاکستان پیپلز پارٹی،تحریک انصاف ،جماعت اسلامی ،جمعیت علماء اسلام ،ایم کیو ایم پاکستان پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ،عوامی نیشنل پارٹی ،عوامی مسلم لیگ پاکستان ،پاکستان مسلم لیگ ق،مجلس وحدت المسلین پاکستان ،مستقبل پاکستان ،اسلامی تحریک پاکستان ،قومی وطن پارٹی ،پاکستان پیپلز پارٹی ،آللہ و اکبر تحریک ،پاک سرزمین پارٹی ،آمن ترقی پارٹی ،برابری پارٹی پاکستان ،عوامی ورکرز پارٹی ،ہمدردان وطن پاکستان ،پاکستان عوامی تحریک ،بلوچستان نیشنل پارٹی ،پاکستان پیپلز پارٹی شہید بھٹو،ہزار ڈیموکریٹک پارٹی ،سندھ یونائٹڈ پارٹی، پاکستان راہ حق ،عام لوگ پارٹی پاکستان ،تحریک لبیک پاکستان ،پاکستان مسلم لیگ ف،پاکستان کنزرویٹو پارٹی ،نیشنل پارٹی ،عام آدمی تحریک پاکستان ،آل پاکستان مسلم لیگ اور بلوچستان نیشنل پارٹی شامل ہیں ۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے الیکشن ایکٹ 2017کی منظوری کے بعد370کے قریب رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ نئے الیکشن ایکٹ کے تحت سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن کیلئے درکار2ہزار ممبران کی تصدیق شدہ تعداد اور 2لاکھ روپے رجسٹریشن فیس الیکشن کمیشن میں جمع کرائیں تاہم مقررہ تاریخ تک صرف چند سیاسی جماعتوں نے ہی اپنے کوائف جمع کرائے تھے جس کے بعد الیکشن کمیشن نے کوائف جمع نہ کرانے والی سیاسی جماعتوں کو اپنے فہرست سے خارج کرتے ہوئے انہیں سپریم کورٹ میں اپیل کیلئے ایک ماہ کاوقت دے دیا تھا بعدازاں سینٹ انتخابات کے موقع پر الیکشن کمیشن نے کئی سیاسی جماعتوں کو سینٹ الیکشن میں حصہ لینے کی مشروط اجازت دیتے ہوئے ہدایت کی تھی کہ اپنے کوائف جلد از جلد جمع کرادیں ۔

اس وقت الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ 70کے قریب سیاسی جماعتوں میں سے صرف 34سیاسی جماعتیں ہی اگلے عام انتخابات میں حصہ لینے کی اہل ہیں جبکہ 300کے قریب سیاسی جماعتیں الیکشن کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہیں ۔