103

مارگلہ کی پہاڑیوں میں لگی آگ بے قابو

اسلام آباد ۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی مارگلہ کی پہاڑیوں میں لگی آگ پر دوسرے روز بھی قابو نہیں پایا جا سکا۔آتشزدگی سے اب تک سینکڑوں قیمتی درخت جل خاکستر اور جنگلی حیات بری طرح متاثر ہوئی ہے۔مارگلہ کی پہاڑیوں میں گزشتہ روز کے تند و تیز ہواوں کی وجہ سے آگ مزید پھیل گئی جس پر قابو پانے کیلئے سی ڈی اے،این ڈی ایم اے اور وائلڈ لائف انتظامیہ کی ٹیمیں آگ بجھانے میں تاحال مصروف ہیں ۔

تاہم وسیع پیمانے پر آتشزدگی کے باعث نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (ا ین ڈی ایم اے) نے پاکستان ا ئیر فورس اور پاکستان آرمی سے مدد طلب کر لی جنہوں نے مارگلہ کی پہاڑیوں میں لگی آگ بجانے کے لیے ہیلی کاپٹرز مہیا کر دیئے۔سی ڈی اے حکام کا کہنا کہ اجتماعی کوششوں کے نتیجے میں جلد آگ پر قابو پالیا جائیگا۔

این ڈی ایم اے کے مطابق پاکستان ائیر فورس اور پاکستان آرمی نے این ڈی ایم اے کی درخواست پر مارگلہ کی پہاڑیوں میں لگی آگ پر قابو پانے کیلئے ہیلی کاپٹرز مہیا کردیئے ہیں۔ پاکستان آرمی کے جوان کلاجار گاوں کی مقامی آبادی کی حفاظت کے لیے روانہ کر دیئے گئے ہیں۔ سی ڈی اے کی جانب سے مارگلہ پہاڑیوں کی صورت حال جاننے کیلئے کنڑول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے