177

خلاف ضابطہ الاٹ شدہ سر کاری گھروں کیخلاف کاروائی

پشاور ۔صو بائی محکمہ ایڈمنسٹریشن نے پشاور ہائی کورٹ کے احکامات کے تحت نان میرٹ پر اور خلاف ضابطہ الاٹ شدہ سر کاری گھرخالی کرانے کی کاروائی شروع کر دی ہے ٗ بتا یا گیا ہے کہ اس ضمن میں سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے ہنگامی بنیادوں پر کاروائی شروع کر دی ہے خالی کرائے گئے گھر ویٹنگ لسٹ کے مطابق الاٹ کئے جائیں گے ٗبتا یا گیا ہے کہ گلشن رحمان کالونی ٗسول کالونی ٗ ایری گیشن کالونی اور سول کوارٹرز میں ماضی میں الاٹ کئے گئے سر کاری گھروں کو خالی کرایا جا رہا ہے اور اس ضمن میں سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ بلا امتیاز کاروائی کر رہاہے ۔

ٗمعلوم ہوا ہے کہ سابق ادوار میں سرکاری گھروں کی غیر قانونی اور نان میرٹ پر الاٹمنٹ نے مستحق ملازمین کو سر کاری گھروں کی سہولت سے محروم کر دیا‘ صو بائی انتظامیہ کی جانب سے تیار کی گئی ویٹنگ لسٹ پر تا حال عملدر آمد نہیں کیا گیا جس کی و جہ سے سر کاری ملازمین شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ٗسر کاری گھروں کی الاٹمنٹ کے قانون کے تحت ایک سر کاری رہائش گاہ کا حقدار وہ سرکاری ملازم ہے جو پشاور میں تعینات ہو اور اس کے اپنے یا بیوی کے نام پر کوئی گھر نہ ہو قانو ن کے تحت ایک ملازم کے معیار کے گھر کی الاٹمنٹ کا فیصلہ حکو مت کرتی ہے جس کے تحت گریڈ ایک سے سترہ تک کے افسرو ں اور اہلکاروں کو سول کوارٹرز ٗسول کالونی ٗگلشن رحمان کالونی میں گھر الاٹ کئے جاتے ہیں۔

اسی طرح گریڈ سترہ سے اوپر کے افسروں کو ریس کورس گارڈنز ٗ خیبر روڈ ٗ فورٹ رو ڈ ٗ جھیل روڈ ٗ صاحبزادہ عبدالقیوم روڈ ٗحیات آباد میں بنگلے الاٹ کئے جاتے ہیں ٗطریقہ کار کے تحت خواہش مندافراد اپنے محکمے کی وساطت سے محکمہ ایڈمنسٹر یشن کو در خواست دیتے ہیں جو ان درخواستوں کا باقاعدہ اندراج کرکے ویٹنگ لسٹ بنائے گا ٗجو کہ ہر سہ ماہی کے پہلے ہفتے میں تمام متعلقہ محکموں کو بھیجی جائیں گی اور اس کے ساتھ سر کاری ویب سائٹ پر بھی جاری کی جائے گی ٗقانون کے تحت اگر کوئی الاٹی اپنا گھر کسی کو آگے دیتا ہے یا پڑو سی کے لئے مشکلات پیدا کر تا ہے یا الاٹمنٹ کے قوانین کی خلاف ورزی کر تا ہے تو ایسی صورت میں الاٹمنٹ منسوخ کر دی جائے گی۔