خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے بروقت انعقاد کے لیے درخواست پشاور ہائیکورٹ میں دائر کر دی گئی ہے۔
یہ درخواست لوکل کونسل ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کی جانب سے دائر کی گئی، جس میں الیکشن کمیشن، صوبائی حکومت اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بلدیاتی اداروں کی موجودہ مدت رواں ماہ مارچ میں ختم ہو جائے گی اور قانون کے مطابق حکومت 120 دن کے اندر نئے انتخابات کروانے کی پابند ہے۔ اگر مدت ختم ہونے کے بعد انتخابات نہ ہوئے تو صوبے میں آئینی خلا پیدا ہو سکتا ہے۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ الیکشن کمیشن کو بروقت انتخابات کرانے کے احکامات جاری کیے جائیں اور صوبائی حکومت کو ہدایت دی جائے کہ وہ انتخابات کے انعقاد کے لیے ضروری اقدامات کرے۔ عدالت سے یہ بھی درخواست کی گئی کہ فریقین کو بروقت انتخابات کے شیڈول کے لیے مناسب ہدایات جاری کرے۔









