104

فاٹا مسائل کا حل خیبر پختونخوا میں انضمام سے وابستہ ہے اٗ سفندیارولی

پشاور۔عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی خان نے کہا ہے کہ فاٹا کے تمام مسائل کا حل خیبر پختونخوا میں انضمام سے وابستہ ہے، فاٹا انضمام کے مطالبے سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، آئندہ عام انتخابات سے قبل فاٹا کو خیبر پختون اسمبلی میں مناسب نمائندگی دی جائے، فاٹا کے عوام کوپشاور ہائی کورٹ تک رسائی دی جائے، آپریشن سے بے گھر ہونے والے قبائلیوں کی جلد از جلد باعزت واپسی یقینی اور نقصانات کا مناسب ازالہ کیا جائے، قبائلیوں میں بے چینی شدید تر ہوتی جارہی ہے فاٹا کی محرومیوں کا جلد از از جلد ازالہ کیا جائے، فاٹا کے خیبر پختونخوا کے انضمام کے حوالے سے جلد ایک اور آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔

2 اپریل بروز پیر ولی باغ میں طلب کیے گئے پارٹی کے مرکزی تھنک ٹینک کے اجلاس میں مشاورت کے بعد حتمی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار اانہوں نے مردان ہاؤس میں پارٹی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ علالت کے باوجود کارکنان کے خلوص و محبت کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے اجلاس طلب کیا ہے۔ متحدہ مجلس عمل کی بحالی پر انہوں نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پانچ برسوں تک مولانا فضل الرحمٰن اور سراج الحق کو اسلام کی کوئی فکر نہیں تھی۔

پانچ برسوں سے سراج الحق عمران خان کے اتحاد ی ہیں اور مولانا فضل الرحمٰن نواز شریف کے اتحادی ہیں۔ مولانا فضل الرحمٰن عمران خان کو برا بھلا کہتے رہے اورسراج الحق نواز شریف پر کرپشن کے الزمات لگاتے رہے اقتدار کے خاتمے کے ایام قریب آتے ہی دونوں کواسلام یاد آگیا۔ ایم ایم اے کی بحالی اسلام کے لیے نہیں بلکہ اسلام آباد کے لیے ہے۔ محمود خان اچکزئی کی فاٹا انضمام کی مخالفت سمجھ سے بالاتر ہے۔ فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کے بعد پختون قومی وحدت کے قیام کے لیے بھر پور جدوجہد کا آغاز کریں گے۔