ماسکو۔روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ روس مغربی ملکوں کی گستاخی پر خاموشی اختیار نہیں کرے گا،مغرب کو روسی سفارت کاروں کے اخراج کا بھرپور جوب دیا جائے گا، روسی سفارتکاروں کا اخراج امریکی دباؤ اور بلیک میلنگ کا نتیجہ ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ ان کا ملک مغربی ملکوں کی گستاخی پر خاموش نہیں رہے گا بلکہ روسی سفارت کاروں کے اخراج کا بھرپور جوب دیا جائے گا۔ماسکو میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کا کہنا تھا کہ بعض ممالک نے روسی سفارت کاروں کے اخراج کے سبب ماسکو سے معذرت خواہی بھی کی جس سے پتہ چلتا ہے کہ یہ اقدام امریکی دباؤ اور بلیک میلنگ کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ دباؤ اور بلیک میلنگ، عالمی سطح پر امریکہ کا اہم ترین حربہ ہے اور اس سے پتہ چلتا ہے کہ عالمی سطح پر آزادانہ کردار ادا کرنے والے ممالک بہت تھوڑے ہیں۔سرگئی لاوروف نے ڈبل ایجنٹ قتل کیس کے بارے میں برطانوی وزیراعظم کے بیان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تھریسا مئے اس بیان کے ذریعے اپنے ہی ملک کے عدالتی نظام کی توہین کر رہی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ امریکہ، کینیڈا اور یوکرین نیز یورپی یونین کے چودہ رکن ملکوں نے سابق روسی نڑاد ڈبل ایجنٹ کے قتل کا الزام روس پر عائد کر کے سو سے زائد روسی سفارت کاروں کو اپنی سرزمین سے نکل جانے کا حکم دیا ہے۔روسی نڑاد ڈبل ایجنٹ سرگئی اسکریپال اور اس کی بیٹی کو گزشتہ ماہ لندن میں زہر دے کر قتل کر دیا گیا تھا۔ روس نے قتل کی واردات میں کسی بھی قسم کے کردار کو مسترد کر دیا ہے۔
170