نیویارک۔اقوام متحدہ نے روہنگیا مہاجرین سے متعلق قرارداد منظور کرلی جبکہ چین اور روس نے قرارداد کی مخالفت میں ووٹ دیا۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں میانمار کے روہنگیا مسلمان مہاجرین سے متعلق قرارداد منظور کی گئی جس میں میانمار کی حکومت پر فوجی آپریشن بند کرنے کے لیے زور دیا گیا۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ میانمار حکومت روہنگیا پناہ گزینوں کو فوری وطن واپسی کی اجازت دے اور انہیں میانمار کی شہریت دی جائے۔
یہ قرارداد اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی نے پیش کی جس کے حق میں 122اور مخالفت میں 10ووٹ آئے جبکہ 24ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ چین، روس، کمبوڈیا، لاوس، فلپائن، ویتنام میانمر، بیلاروس، شام اور زمبابوے نے قرارداد کے خلاف ووٹ دیا۔ قرارداد میں کہا گیا کہ میانمار پناہ گزینوں تک امدادی کارکنوں کی رسائی ممکن بنائے اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل میانمار کیلئے اپنا خصوصی نمائندہ مقرر کریں۔
گزشتہ ہفتے میانمار حکومت نے اقوام متحدہ کی نمائندہ خصوصی یانگغی لی کے ملک میں آنے پر پابندی لگاتے ہوئے ان سے کسی بھی قسم کا تعاون کرنے سے انکار کردیا تھا۔واضح رہے کہ رواں سال اگست میں میانمار کی ریاست راکھائن میں روہنگیا مسلمانوں کے خلاف سرکاری سرپرستی میں فوجی آپریشن کے نتیجے میں ہزاروں مسلمان شہید اور زخمی ہوچکے ہیں جب کہ ساڑھے 6 لاکھ سے زائد ہجرت پر مجبور ہوگئے ہیں۔
144