214

پاکستان سرمایہ کاری کیلئے پرکشش ملک بن چکاہے ٗ وزیراعظم

کوہاٹ ۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان سرمایہ کاری کیلئے پرکشش ملک بن چکا ہے، کاروباری گروپس، کارپوریٹ کمپنیاں اور عالمی سرمایہ کار پاکستان آئیں اور یہاں سرمایہ کاری کریں، توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے ایم او ایل پاکستان کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔

فسیلٹی سے پاکستان میں توانائی کی بڑھتی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے یہ بات منگل کو پاکستان میں ہنگری کے تیل و گیس تلاش کرنیوالے بین الاقوامی گروپ ایم او ایل کی پاکستان میں ذیلی کمپنی ایم او ایل پاکستان کے کوہاٹ کے علاقے تولنج میں 15 ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری سے تولنج پراسیسنگ فسیلٹی کے افتتاح کے موقع پر کہی۔

اس موقع ایم او ایل گروپ کے اپ سٹریم کے ایگزیکٹیو وائس پریذیڈنٹ ڈاکٹر بیریسلاو گاسو، ریجنل ایڈوائزر برائے وسط ایشیاء ، افریقہ و پاکستان علی مرتضیٰ عباس ، وزیر پٹرولیم جام کمال،ایم او ایل پاکستان کے ایم ڈی مسٹر گراہم بالچن اور دیگر عہدیداران بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔کمپنی کے مطابق فسیلٹی کی یومیہ پیداواری صلاحیت 20 ملین کیوبک فٹ ہے جس سے نہ صرف حکومت کی آمدن میں سالانہ 31 ملین ڈالر کا اضافہ ہو گا بلکہ صوبہ خیبر پختونخوا اور اس سے ملحقہ علاقوں میں گیس کی فراہمی میں مزید بہتری آئیگی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کیلئے پرکشش ملک بن چکا ہے، کاروباری گروپس، کارپوریٹ کمپنیاں اور عالمی سرمایہ کار پاکستان آئیں اور یہاں سرمایہ کاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے ایم او ایل پاکستان کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی نے گزشتہ کئی سالوں سے پاکستان میں سرمایہ کاری کو بڑھایا ہے جس سے لوگوں کو روزگار کے وسیع مواقع میسر ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی ایک عمدہ مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ دیگر کاروباری گروپس، کارپوریٹ کمپنیاں اورعالمی سرمایہ یہاں پاکستان آئیں اور یہاں سرمایہ کاری کریں ۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس فسیلٹی سے پاکستان میں توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر پٹرولیم جام کمال نے کہا کہ تولنج پراسیسنگ فسیلٹی علاقے کے لوگوں کی ترقی و خوشحالی کیلئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی قیادت میں ہماری حکومت پر عزم ہے کہ ایسی کمپنیوں کو ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی جو پاکستان کے توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کی خواہاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سے معیشت میں بہتری آئیگی اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔ایم او ایل گروپ کے اپ سٹریم کے ایگزیکٹیو وائس پریذیڈنٹ ڈاکٹر بیریسلاو گاسونے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارے گروپ نے پاکستان میں تیل و گیس کی تلاش کی مد میں تا حال ایک ارب امریکی ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔

گروپ کی پاکستان میں کمپنی ایم او ایل پاکستان 1999 سے ملک کے مختلف علاقوں میں اپنے کامیاب آپریشنز جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ تولنج پراسیسنگ فسیلٹی کے باقاعدہ آغاز سے ہم نے ثابت کر دیا ہے کہ ہمارا گروپ پاکستان میں سرمایہ کاری کے سلسلہ کو جاری رکھے گا۔ ایم او ایل گروپ کے ریجنل ایڈوائزر برائے وسط ایشیاء ، افریقہ و پاکستان علی مرتضیٰ عباس نے اپنے خطاب میں ملک میں جاری توانائی بحران کے حوالے سے وزیر اعظم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس فسیلٹی کے آغاز سے اس بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ تولنج پراسیسنگ فسیلٹی خیبر پختونخوا خصوصاً کوہاٹ کیلئے ایک تحفہ ہے۔اس فسیلٹی جیسے بڑے پراجیکٹس سے خطے کے رہائشیوں کی زندگیوں میں بہتری کے ساتھ ساتھ مقامی افراد کو روزگار کے مواقع میسر ہوتے ہیں اور ملک کی مجموعی معیشت بہتر ہو تی ہے۔

ایم او ایل پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر و چیف ایگزیکٹیو آفیسرر گراہم بالچن نے خطاب کے دوران اپنی پراجیکٹ ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ان کیلئے کسی اعزاز سے کم نہیں ہے۔تفصیلی جانچ، ری ٹیسٹنگ اور متعدد ترامیم کے بعد اس فسیلٹی کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔اس سے ہمارے سٹیک ہولڈرز کے اعتماد میں اور ہماری استعداد کار میں اضافہ ہو گا۔