221

بابر اعوان نے توہین عدالت کیس میں معافی مانگ لی

اسلام آباد۔تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے توہین عدالت کیس میں سپریم کورٹ سے غیر مشروط معافی مانگ لی ہے جس کے بعد عدالت نے نوٹس واپس لے کر مقدمہ ختم کر دیا ہے۔ منگل کے روز چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے وکیل و تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے آغاز پر بابر اعوان پیش ہوئے تو چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ بابر اعوان یہ کون سا نوٹس ہے، وہ نوٹس تو نہیں جو عدالت کے باہر شعر پڑھنے پر تھا، چیف جسٹس نے شعر پڑھا کہ نوٹس ملیا لکھ نہ ہلیا،بابر اعوان نے کہا کہ خود کو عدالت کے رحم و کرم پر چھوڑتا ہوں چیف جسٹس نے کہا کہ صرف رحم و کرم پر نہ چھوڑیں، غیر مشروط معافی بھی مانگیں جس پر بابر اعوان نے کہا کہ عدالت سے غیر مشروط معافی مانگتا ہوں۔

عدالت نے معافی مانگنے پر توہین عدالت کا نوٹس واپس لے لیا اور چیف جسٹس نے بابر اعوان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خیال کرنا آئندہ ایسا نہ ہو،آئندہ ایسا ہوا تو نہیں چھوڑیں گے، پچھلا واقعہ ہم بھول گئے ، آئندہ نہیں بھولیں گے۔