112

خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن کی بھرپور احتجاج کی تیاریاں

پشاور۔صوبائی حکومت پر دباؤ بڑھانے کے لیے اپوزیشن جماعتوں نے خیبرپختونخوا اسمبلی میں بھرپور احتجاج کی تیاریا ں کرلی ہیں جس کے بعدگذشتہ روز اسمبلی اجلاس بلانے کے لیے ریکوزیشن جمع کراد ی گئی ہے جبکہ ساتھ ہی دھمکی دی ہے کہ اگر وزیراعلیٰ سمیت وہ وزراء جن کے خلاف نیب میں انکوائریاں جاری ہیں اپنے عہدوں سے مستعفی نہ ہوئے تو وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنا دیاجائیگا جو ان کے مستعفی ہونے تک جاری رہے گا۔

سردار اورنگزیب نلوٹھہ ،سردار حسین بابک اور ضیاء اللہ آفریدی نے منگل کے روز 33ارکان کے دستخطوں پر مشتمل ریکوزیشن سیکرٹری اسمبلی کے پاس جمع کرائی جس کے ہمراہ22نکاتی ایجنڈابھی دیاگیا،جس میں انرجی اینڈپاور منصوبے نجی سیکٹرکے حوالے کرنے،بلین سونامی ٹری منصوبے میں کرپشن،احتساب کمیشن کی ناقص کارکردگی ۔

بی آر ٹی منصوبے میں اربوں روپے کی کرپشن ،بنک آف خیبر سکینڈل میں عدم کاروائی ،بلدیاتی نظام کے تحت نچلی سطح پر مالی وانتظامی اختیارات کی عدم منتقلی،سرکاری ہیلی کاپٹر کو ذاتی وسیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا،صوبہ میں مہنگائی،33 ارب ڈالر کے صوبے پربیرونی قرضے،ریسکیو1122سمیت دیگر اداروں میں من پسند افراد کی بھرتیاں،یونیورسٹیوں میں خردبرد اور تعلیمی بورڈز کو یکجا کرنا،اضلاع وتحصیلوں کی سطح پر تاجروں کو بڑے جرمانوں جیسے ایشوز شامل ہیں ۔