298

عمران خان کا ایبٹ آباد میں پارٹی اختلافات کو ختم کرنیکا حکم

ایبٹ آباد۔پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے ایبٹ آباد میں پارٹی اختلافات کو ختم کرنے کا حکم جاری کردیا۔پیر کے روز جب پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ایبٹ آباد پہنچے تو ایبٹ آباد میں پی ٹی آئی کے دو الگ الگ گروپوں کے جلسوں میں انہوں نے مختصر ترین خطاب کیا۔ 

علی اصغرخان اور سجاد اکبرخان گروپ کے جلسے سے خطاب کے دوران عمران خان نے اس بات پر زور دیاکہ پارٹی کے تمام اختلافات ختم کئے جائیں اور تمام لوگ ایک سٹیج پر آجائیں۔ عمران خان کا کہناتھاکہ 2018ء کا الیکشن ہے۔ جس میں پاکستان نئے راستے پر گامزن ہوگا۔ اللہ تعالیٰ کبھی کبھی قوم کو موقع دیتاہے اپنی تقدیر بدلنے کا۔ اللہ تعالیٰ نے ہمیں پہلی مرتبہ موقع دیاہے۔اللہ تعالیٰ نے ہمیں موقع دیا ہے کہ جوسارے پرانے جوبار بار مینڈیٹ لیکرخود تواربوں پتی بن گئے ہیں۔ لیکن قوم کو مقروض کردیاہے۔ ہمیں پہلی مرتبہ یہ موقع مل رہاہے کہ ہم پاکستان کو نئے راستے پر لے جائیں۔میں آج آپ سب کو کہتاہوں۔

آپ سب لوگ رکنیت سازی میں بھرپور شرکت کریں۔ اور سب لوگ ایک بن کر الیکشن میں حصہ لیں۔ 2018ء کا تمام پی ٹی آئی ایک ہوکر اس میں حصہ لے۔ آپس میں اتفاق پیدا کریں۔ آپس کی لڑائیاں ختم کریں۔تقسیم ہونے والے افراد کسی کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔ میں یہ چاہتا ہوں کہ تمام پی ٹی آئی ایک سٹیج پر آجائے۔ تمام لوگ مل کر اور پارٹی ڈسپلن کے مطابق آگے چلیں۔

2018ء کا الیکشن ہم پہلی مرتبہ تیاری کیساتھ لڑ رہے ہیں۔ پورے پاکستان میں نوجوان تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہوگئے ہیں۔ تحریک انصاف میں چھوٹے اختلافات ہیں۔ وہ ختم کئے جائیں۔ تمام لوگ ڈسپلن کے مطابق کام کریں۔ عمران خان نے زور دیاکہ ان شاء اللہ 2018ء کے الیکشن میں آپ میری ٹیم ہونگے۔ میں آپ کا کپتان ہونگا۔ اور میں یہ میچ آپ کو جیت کر دکھاؤنگا۔