267

پرویز مشرف نے وطن واپسی مؤخر کر دی

اسلام آباد۔سنگین غداری کیس میں مطلوب سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے اپنی وطن واپسی مؤخر کر دی ہے۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ پرویز مشرف نے پاکستان میں اپنے قریبی رفقاء کو اپنے فیصلے سے آگاہ بھی کر دیا ہے۔دوسری جانب پرویز مشرف کے وکیل اختر شاہ نے کہا کہ سیکیورٹی کیلئے وزارت داخلہ پر ہرگز اعتماد نہیں کر سکتے، سیکیورٹی پر اطمینان ہونے تک پرویز مشرف کو واپسی کا مشورہ نہیں دے سکتا۔

وفاقی وزیر داخلہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اگر پرویز مشرف وطن واپس آنا چاہتے ہیں تو انہیں قانون کے مطابق ضروری سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔احسن اقبال نے کہا کہ پرویز مشرف کو سیکیورٹی کے حوالے سے کسی قسم کے خدشات نہیں ہونے چاہئیں۔خیال رہے کہ خصوصی عدالت نے 16 مارچ کو سنگین غداری کیس میں پرویز مشرف کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کر کے آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

پرویز مشرف کے وکیل نے وزارت داخلہ اور وزارت دفاع کو سیکیورٹی فراہم کرنے کیلئے درخواست دی تھی۔وزارت دفاع نے پرویز مشرف کو سیکیورٹی فراہم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ سیکیورٹی فراہم کرنا ان کے دائرہ کار میں نہیں آتا جبکہ وزارت داخلہ نے پرویز مشرف کے وکیل سے کہا تھا کہ بتایا جائے پرویز مشرف کب پاکستان آ رہے ہیں انہیں سیکیورٹی فراہم کریں گے۔اس کے علاوہ نیب نے بھی سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے سے متعلق کیس میں تحقیقات شروع کر دی ہیں