149

صنعت کاروں کو ٹیکس میں چھوٹ دینگے ٗ اسد قیصر 

پشاور۔سپیکر خیبرپختونخوااسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا آئندہ کا نعرہ معیشت کی ترقی اور فراہمی روزگار ہو گا۔خیبرپختونخوامیں صنعتیں لگانے کیلئے صنعتکاروں کو ٹیکس میں چھوٹ سمیت دیگر مراعات دی جائیں گی۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار سپیکر ہاؤس میں ایمپلائرزفیڈریشن آف پاکستان کے تاجروں کے ایک نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔جنہوں نے سابقہ صوبائی وزیر حاجی محمد جاوید کے ہمراہ سپیکر اسد قیصر سے ملاقات کی ۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹیوآفیسر خیبرپختونخواآئل اینڈگیس ترقیاتی ادارہ رضی الدین بھی موجودتھے ۔سپیکر نے کہا کہ خیبرپختونخوا دہشت گردی کی جنگ سے متاثرہ صوبہ ہے گذشتہ ادوار میں بدامنی کے باعث انڈسٹری بری طرح متاثرہوئی ۔

جس کے باعث صوبہ میں بے روزگاری میں بھی اضافہ ہوا ۔انہوں نے کہا کہ الحمداللہ اب ہمارے صوبہ کے حالات پر امن ہیں اور تجارت پیشہ افراد صوبہ میں تجارتی ومعاشی سرگرمیوں میں حصہ لینے کیلئے دلچسپی کا اظہار کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت منصوبوں کے اجراء سے صوبہ میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا۔جس کے ساتھ ساتھ روزگار کے موقع بھی پید اہوں اور بے روزگاری پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔