135

اوورسیز پاکستانیوں کیلئے قانون سازی کی ضرورت ہے ‘ چیف جسٹس 

اسلام آباد۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ تارکین وطن کو آئندہ الیکشن میں ووٹ ڈالنے کا حق ملنا چاہئے‘ یہ سہولت دینے کے لئے قانون سازی کرنی پڑے گی‘ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کی سہولت دینے کے لئے کچھ نہیں کیا گیا‘ پاکستان میں رہنے والوں پر ہم بھی بوجھ نہیں ڈالنا چاہتے‘ چیف جسٹس نے وزیر داخلہ احسن اقبال سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ عدالتوں کو اپنا دشمن سمجھتے ہیں؟ لوگ مسائل لیکر آتے ہیں تو ہمیں شرم آتی ہے۔ پیر کو سپریم کورٹ میں اوورسیز پاکستانیوں کے شناختی کارڈز سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

عدالتی حکم پر وزیر داخلہ احسن اقبال عدالت میں پیش ہوئے۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے احسن اقبال سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ بڑے اہم لوگ ہیں لوگوں کو قیادت دینی ہے لوگ مسائل لیکر آتے ہیں تو ہمیں شرم آتی ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ میں بھی عوامی مفاد کا ایک معاملہ آپ کے سامنے رکھتا ہوں سات سال سے پوسٹ گریجویٹ کالج کے منصوبے منظور کرارکھے ہیں لڑکیوں کا کالج عدالتی حکم کے باعث نہیں بن سکا۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آپ عدالتوں کو دشمن سمجھتے ہیں؟ ہم اس معاملے کی فائل منگوالیتے ہیں۔ آپ کابینہ کے بڑے ذمہ دار وزیر ہیں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کی سہولت دینے کے لئے کچھ نہیں کیا گیا۔ یہ سہولت دینے کے لئے قانون سازی کرنی پڑے گی۔ تارکین وطن کو آئندہ الیکشن میں ووٹ ڈالنے کا حق ملنا چاہئے احسن اقبال نے کہا کہ کابینہ چاہتی ہے کہ شناختی کارڈ کی فیس پر تارکین وطن کو ریلیف ملے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ پاکستان میں رہنے والوں پر ہم بھی بوجھ نہیں ڈالنا چاہتے۔