176

قبائلی علاقوں کی ترقی میں حائل رکاوٹیں دور کررہے ہیں‘ حاجی گل آفریدی

پاراچنار۔ قومی اسمبلی میں فاٹا پارلیمنٹیرینز کے پارلیمانی لیڈر الحاج شاہ جی گل آفریدی نے کہا ہے کہ فاٹا کے حقوق لیکر دم لینگے اور فاٹا اصلاحات کے ذریعے قبائلی علاقوں کی ترقی میں حائل رکاوٹیں دور کرینگے۔

پاراچنار پریس کلب میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے الحاج شاہ جی گل آفریدی نے کہا کہ فاٹا کے حقوق حاصل کرنے کے لئے قبائلی عوام اور فاٹا پارلیمنٹیرینز کے ہمراہ جدوجہد جاری رکھیں گے اور ہر حال میں فاٹا کے حقوق حاصل کرکے دم لیں گے کیونکہ بنیادی حقوق حاصل نہ ہونے کی وجہ سے قبائل احساس محرومی کا شکار ہیں فاٹا اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے الحاج شاہ جی گل آفریدی کا کہنا تھا کہ فاٹا میں اصلاحات کے بعد قبائلی عوام کے زیادہ تر مسئلے حل ہوجائیں گے اور فاٹا سے بے روزگاری کا خاتمہ ہوجائے گا اور یہاں ترقی کا دور دورہ ہو گا۔

الحاج شاہ جی گل آفریدی کا کہنا تھا کہ فاٹا کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے اور قبائل متحد ہو کر اصلاحاتی عمل آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں الحاج شاہ جی گل آفریدی کا کہنا تھا کہ فاٹا اصلاحات اب نیشنل ایشو نہیں رہا بلکہ اب انٹرنیشنل ایشو بن چکا ہے اور اب اصلاحاتی عمل آگے بڑھانا ناگزیر ہوگیا ہے انہوں نے کہا کہ فاٹا سپر لیگ کے مقابلوں کے انعقاد کا مقصد بھی یہی ہے کہ دنیا کو یہ بتانا ہے کہ فاٹا کے لوگ انتہائی پر امن ہے اور اپنے بچوں کی بہتر مستقبل کیلئے ہمیں متحد ہونا ہوگا اور اپنے حقوق کے لئے آواز اٹھائی ہوگی الحاج شاہ جی گل کا کہنا تھا کہ قبائلی عوام کے بنیادی مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہے۔