353

وزیر اعلیٰ کا کوہاٹ میں ضمیر گل ڈیم پراجیکٹ کا افتتاح

پشاور۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ اس ملک کا المیہ یہ ہے کہ یہاں عوام کے لئے زندگی کی بنیادی ضروریات بھی پوری نہیں کی گئیں جس نظام کو عوام کا خدمت گار ہونا چاہیئے تھا بد قسمتی سے وہ مخصوص طبقے کے مفادات کا محافظ رہا ۔ اسی وجہ سے تحریک انصاف نے نظام کی تبدیلی کا بیڑا اُٹھایا تاکہ عام آدمی کے حقوق کی بحالی اور اُس کی محرومیوں کا ازالہ ممکن ہو سکے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کوہاٹ کے ایک روزہ دورہ کے دوران معاشرے کے مختلف طبقات کے نمائندہ وفود اور پی ٹی آئی کے مقامی قائدین و کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کوہاٹ کے ایک روزہ مصروف ترین دورہ کے دوران 1063.273 ملین روپے کی مجوزہ لاگت سے وویمن اینڈ چلڈرن لیاقت میموریل تدریسی ہسپتال کوہاٹ کی تعمیر نو کا سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے اس موقع پر تحصیل بلڈنگ گمبٹ کا بھی سنگ بنیاد رکھا جس کا تخمینہ لاگت 139.765 ملین روپے ہے ۔

وزیراعلیٰ نے 1128.22 ملین روپے کے تخمینہ لاگت سے ضمیر گل ڈیم منصوبے کا بھی باضابطہ افتتاح کیا ۔اس موقع پر تاجر برادری ، میڈیا ، پیرا میڈکس ، اقلیتی برادری اور دیگر مختلف طبقات کے نمائندہ وفود نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کی اور اُنہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر امتیاز شاہد قریشی ،ایم این اے شہر یا ر خان آفریدی ، سابق گورنر خیبرپختونخوا سید افتخار حسین شاہ، ایم پی اے ضیاء اﷲ بنگش ، ڈسٹرکٹ ناظم نسیم آفریدی اور ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

وزیراعلیٰ نے وفود کے مسائل غور سے سنے اور اُن کے حل کیلئے موقع پر موجود حکام کو ہدایات جاری کیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اُن کی حکومت صوبے بھر میں یکساں ترقیاتی حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کوہاٹ میڈیکل کالج کے خیبرمیڈیکل یونیورسٹی کے ساتھ الحاق کے سلسلے میں وفاقی حکومت سے بذات خود بات کرنے کا یقین دلایا۔ بعدازاں وزیراعلیٰ نے آستانہ عالیہ گھمکول شریف پر حاضری بھی دی جہاں انہوں نے زندہ پیر سرکار کے مزار پر فاتحہ خوانی کی اور موجودہ سجادہ نشین سے ملاقات بھی کی ۔