307

پی ٹی آئی کا سینٹ میں اپوزیشن گروپ بنانیکا فیصلہ

اسلام آباد۔تحریک انصاف کے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کے انتخاب میں ناکامی اور شیری رحمان کو قائد حزب اختلاف بنائے جانے کے بعد تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی کے درمیان فاصلے بڑھ گئے ہیں ۔

تحریک انصاف سینٹ میں آزاد اپوزیشن گروپ بنانے کے لئے متحرک ہو گئی ہے اور فاٹا ارکان کی حمایت حاصل کرنے کے لئے کوششیں تیز کر دی ہیں جبکہ ایم کیو ایم ، جماعت اسلامی اور دیگر جماعتوں سے رابطے کرنے کے لئے وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک جلد کراچی جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق شیری رحمان کو سینٹ میں قائد حزب اختلاف بنائے جانے کے بعد تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی کے درمیان فاصلے بڑھ گئے ہیں اور تحریک انصاف نے سینیٹ میں آزاد و اپوزیشن گروپ بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے جبکہ آزاد اپوزیشن گروپ پیپلزپارٹی کی سندھ میں پالیسیوں کو بھی آڑے ہاتھوں لے گا۔

تحریک انصاف نے جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم کے علاوہ فاٹا کے ارکان کی حمایت کے لئے کوششیں تیز کر دی ہیں جبکہ وزیر اعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک دیگر رہنماؤں کے ساتھ جلد کراچی کا دورہ کریں گے ۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف اعظم سواتی کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر بنوانا چاہتی تھی لیکن پیپلزپارٹی نے کمال مہارت سے آزاد سینیٹرز اور فاٹا کے ممبران کے ساتھ مل کر شیری رحمان کو قائد حزب اختلاف منتخب کروا لیا ہے ۔