188

بھارتی سابق وزیر اعلیٰ کو 7سال قید کی سزا

رانچی۔بھارت کی مقامی عدالت نے چارہ کرپشن کے چوتھے کیس میں سابق وزیراعلی بہار لالو پرساد یادیو کو سات سال قید کی سزا سنادی ہے۔ رانچی کی اسپیشل سی بی آئی عدالت میں چارہ کرپشن کی سماعت ہوئی، اس موقع پر لالو پرساد کو عدالت میں پیش کیا گیا۔عدالت نے گواہان کی روشنی میں سابق وزیراعلی بہار لالو پرساد یادیو کو چارا کرپشن کے چوتھے کیس میں بھی سات سال کی سزا سنائی۔

اس سے قبل لالو پرساد جانوروں کے چارے سے متعلق تین کیسزمیں بھی قید کی سزا بھگت رہے ہیں۔اس کیس میں عدالت نے لالو پرساد کو1991 اور1984 کے درمیان ریاستی خزانے سے 89.27لاکھ روپے کی خورد برد کا مجرم پایا تھا چارے کے گھپلے کے نام سے مشہور اس اسکینڈل میں لالو پرساد یادو پر 900ملین روپے کی خورد برد کا الزام ہے اور ان پر مختلف کیسز قائم تھے۔اس سے قبل2013میں اسی سکینڈل سے منسلک بدعنوانی کے ایک اور کیس میں لالو پرساد کو پانچ سال قید کی سزا سنائی گئی تھی اور ان پر چھ سال کے لیے انتخابات میں حصہ لینے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

سی بی آئی کے ایک اہلکار نے بتایا کہ 27اکتوبر 1997میں اس کیس میں 38 افراد کے خلاف الزامات لگائے گئے تھے جس میں سے اب 11افراد اس دنیا میں نہیں رہے، تین افراد وعدہ معاف گواہ بن گئے جبکہ دو دیگر ملزمان نے اعتراف جرم کرلیا اور انھیں سنہ 2006-07میں سزا سنائی گئی تھی۔