محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ 20 جون سے ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگا، جو 23 جون تک جاری رہے گا۔ اس دوران گرمی کی شدت میں نمایاں کمی اور موسم خوشگوار ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں 20 جون سے پاکستان کے جنوبی اور مشرقی علاقوں میں داخل ہوں گی، جس کے نتیجے میں مشرقی بلوچستان، جنوبی پنجاب اور خیبرپختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
اسی طرح 21 سے 23 جون کے درمیان گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ جبکہ 22 سے 23 جون کے دوران سندھ کے بعض علاقوں، بالخصوص کراچی، حیدرآباد، بدین اور ٹھٹھہ میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کے خدشات موجود ہیں، عوام اور متعلقہ اداروں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔









