وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس میں عدالت نے ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے کیس کی سماعت کی۔ علی امین گنڈاپور ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوئے۔ ان کی آمد پر ڈسٹرکٹ جوڈیشل کمپلیکس کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
عدالت میں وکیل راجا ظہور الحسن نے مؤقف اختیار کیا کہ پشاور ہائیکورٹ 3 جولائی تک ان کے موکل کی ضمانت منظور کرچکی ہے، لہٰذا ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کیے جائیں۔ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے وارنٹ معطل کر دیے۔
عدالت نے 342 سوال نامے کے جوابات بھی طلب کیے ہیں۔ علی امین گنڈاپور نے یقین دہانی کرائی کہ خیبرپختونخوا کا بجٹ پیش ہونے کے بعد وہ جواب عدالت میں جمع کرائیں گے۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 2 جولائی تک ملتوی کر دی۔ یاد رہے کہ علی امین گنڈاپور کے خلاف تھانہ بہارہ کہو میں اسلحہ اور شراب برآمدگی کا مقدمہ درج ہے۔









