آڈیو لیکس کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔
ایڈیشنل سیشن جج نصر من اللہ بلوچ کی عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران وکیل راجا ظہور الحسن نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ان کے موکل کو پشاور ہائی کورٹ سے ضمانت مل چکی ہے۔
عدالت نے وزیراعلیٰ کے خلاف جاری وارنٹ گرفتاری منسوخ کرتے ہوئے انہیں 2 جولائی کو فرد جرم عائد کرنے کے لیے طلب کر لیا۔
سماعت کے دوران علی امین گنڈاپور نے کہا کہ "سر! کیا میں کچھ بول سکتا ہوں؟ کیا لائسنس پوچھنا جرم ہے؟ مجھے تو انعام ملنا چاہیے تھا لیکن مقدمہ درج کر لیا گیا۔"
عدالت نے ریمارکس دیے کہ ان معاملات پر بات میرٹ کے وقت ہوگی، آپ پیش نہیں ہوتے۔ جس پر علی امین نے کہا کہ وہ عدالت میں پیش ہوتے رہے ہیں اور اس دن ان کی ایک اور عدالت میں پیشی بھی ہے۔
عدالت نے فرد جرم کی کارروائی کے لیے ان کی حاضری کو ضروری قرار دیا۔









