کراچی۔عصر حاضر میں مسافروں کی سہولت کے لیے جدید ترین فضائی سفر کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں تو مختلف ممالک میں موجود ہوائی اڈوں پر سفر کرنے والوں کو بہترین سروسز دی جاتی ہیں تاکہ وہ بغیر تھکاوٹ اور آسانی کے ساتھ سفر کرسکیں۔تفصیلات کے مطابق فضائی پروازوں اور ائیرپورٹس پر نظر رکھنے والے برطانوی ادارے اسکائی ٹریکس نے رواں سال کے 100 بہترین ہوائی اڈوں کی فہرست جاری کردی جن میں سنگاپور کا چانگی ائیرپورٹ سب پر بازی لے گیا۔مسافروں کے لیے بالکل مفت سینما گھر ، چھت پر سوئمنگ پول، خوبصورت پارک چانگی ائیرپورٹ کی خصوصیات میں شامل ہے جس کی وجہ سے اس ہوائی اڈے کو مسلسل 6 سال سے دنیا کا بہترین ائیرپورٹ قرار دیا جارہا ہے۔
اسکائی ٹریکس سے جاری فہرست کے مطابق ایک کروڑ 37 لاکھ سے زائد مسافروں نے دنیا کے مختلف 100 بہترین ائیرپورٹس سے سفر کیا اور اس کی بنیاد پر سروے کرایا گیا، سالانہ رائے شماری میں سنگا پور کا انٹرنیشل ہوائی اڈہ بدستور پہلے نمبر پر ہی رہا۔سروے کے مطابق جنوبی کوریا کا اینچیون ائیرپورٹ دوسرے، ٹوکیوں کاہنیدا تیسرے نمبر رہے جبکہ اس پوری فہرست میں پاکستان کا کوئی بھی ائیرپورٹ بہترین ہوائی اڈے کی فہرست میں جگہ نہیں بنا سکا۔
علاوہ ازیں برطانیہ کے ہیتھرو ائیر پورٹ کو بہترین ٹرمینل کا اعزاز دیا گیا جبکہ میونخ ہوائی اڈہ دوسرے اور سنگا پور کا چانگی ائیرپورٹ پورٹ کا ٹرمینل سہولیات کے حساب سے تیسرے نمبر پر رہا۔سروے رپورٹ میں جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں واقع ہیندا ہوائی اڈے کو صفائی ستھرائی میں پہلا نمبر دیا گیا جبکہ ہوائی اڈوں پر موجود خریداری کی دکانوں میں لندن کا ہوائی اڈہ پہلے نمبر پر رہا۔
247